بی جے پی لیڈران بات گاندھی کی کرتے ہیں اور پوجا گوڈسے کی: کنتیا
کُل ہند کانگریس پارٹی کے انچارج جنرل سکریٹری آر سی کنتیا نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی لیڈران گاندھی کے بارے میں بات کرتے ہیں اور گوڈسے کی بھی پوجا کرتے ہیں
حیدرآباد: کل ہند کانگریس پارٹی کے انچارج جنرل سکریٹری آر سی کنتیا نے گاندھی جینتی پروگرام کو کامیاب بنانے والے کانگریس کے ہر ایک کارکن کا شکریہ ادا کیا۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بی جے پی لیڈران گاندھی کے بارے میں بات کرتے ہیں اور گوڈسے کی بھی پوجا کرتے ہیں۔ یہ لیڈران گاندھی جی کے چشمے اور ان کا نام اپنی انتخابی مہم میں استعمال کرتے ہیں۔
کنتیا نے کہا کہ حضور نگر کے ضمنی انتخاب کی مہم میں پارٹی کے تمام لیڈران پدماوتی ریڈی کی جیت کے لئے مہم چلائیں گے۔ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی، جانا ریڈی اور ریونت ریڈی بھی انتخابی مہم میں حصہ لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اسمبلی انتخابات میں حکومت نے ایک سازش کے تحت کوداڑ سے پدماوتی ریڈی کو شکست دی تھی۔ پارلیمانی انتخابات میں ٹی آر ایس کو 7 نشستوں پر شکست ہوئی تھی اسی لئے ٹی آر ایس پارٹی حضور نگر ضمنی انتخاب سے خائف ہے۔ اسی لئے سی پی آئی پارٹی کی تائید حاصل کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کے باوجود حضور نگر میں ٹی آر ایس کو شکست ملنے والی ہے۔ ہمیں اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ کون سی پارٹی کس امیدوار کو ٹکٹ دیتی ہے کیونکہ ہمارا کسی سے مقابلہ نہیں ہے۔ کنتیا نے کہا کہ پدماوتی ریڈی کی حضور نگر میں بھاری اکثریت سے کامیابی یقینی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 03 Oct 2019, 3:51 PM