بی جے پی لیڈران نرمدا کے کنارے غیر قانونی شراب کی فروخت اور ریت کانکنی میں ملوث: امنگ سنگھار

حال ہی میں پاٹن سے بی جے پی رکن اسمبلی اجئے وشنوئی کے سرکار مخالف بیان کا حوالہ دیتے ہوئے امنگ سنگھار نے کہا کہ اس سے صاف طور پر پتہ چل رہا ہے کہ بی جے پی لیڈران خود اپنی حکومت سے ناخوش ہیں۔

امنگ سنگھار، تصویر ٹوئٹر
امنگ سنگھار، تصویر ٹوئٹر
user

قومی آواز بیورو

مدھیہ پردیش کی بی جے پی حکومت پر کانگریس نے آج زوردار انداز میں حملہ کیا۔ جبل پور کے دو روزہ دورے پر آئے اسمبلی میں حزب اختلاف کے لیڈر امنگ سنگھار نے میڈیا کے سامنے مدھیہ پردیش حکومت پر کئی سوال اٹھائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مدھیہ پردیش میں جرائم میں بے تحاشہ اضافہ ہو رہا ہے۔ ہر طرف لوٹ کھسوٹ جاری ہے۔ اس کے باوجود سرکار قصورواروں کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لے رہی ہے۔

اپوزیشن لیڈر نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ نرمدا ندی کے گھاٹوں پر کھلے عام شراب بیچا جا رہا ہے۔ لیکن پولیس اور انتظامیہ اس پر کوئی کاروائی نہیں کر رہی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ سرکار مجرموں کو بچا رہی ہے۔ امنگ سنگھار نے بجلی محکمہ پر بھی الزام لگایا ہے کہ اسمارٹ میٹر کے نام پر لوگوں سے زیادہ پیسے وصولے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بی جے پی لیڈران کو بھی آڑے ہاتھوں لیا، اور کہا کہ ریاست میں سب سے زیادہ غیر قانونی ریت کی کانکنی بی جے پی لیڈران ہی کروا رہے ہیں۔


آنے والے ضمنی انتخاب کو لے کر امنگ سنگھار کافی پر امید نظر آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں سیٹوں پر کانگریس کی جیت یقینی ہے۔ انہیں عوام کی مکمل حمایت حاصل ہے۔ حال ہی میں پاٹن سے بی جے پی رکن اسمبلی اجئے وشنوئی کے سرکار مخالف بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس سے صاف طور پر پتہ چل رہا ہے کہ بی جے پی لیڈران خود اپنی حکومت سے ناخوش ہیں۔

مدھیہ پردیش میں یہ پہلا واقعہ نہیں ہے جب بی جے پی رکن اسمبلی نے اپنی حکومت پر سوال اٹھا یا ہے۔ اس سے پہلے رکن اسمبلی پردیپ پٹیل کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں وہ پولیس سپرنٹنڈنٹ کے سامنے زمین پر لیٹ کر پرنام کرتے ہوئے، غنڈوں سے تحفظ کی مانگ کر رہے تھے۔ ان کی اس حرکت کی جب حقیقت کھل کر سامنے آئی تو پتہ چلا کہ اصل میں انھوں نے علاقہ میں پھیل رہی نشہ کی لت اور اس کے کاروبار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے یہ اقدام اٹھایا تھا۔ اس حوالے سے انہوں نے پولیس سپرنٹنڈنٹ کو ایک میمورنڈم بھی سونپا تھا۔ جس میں ضلع میں منشیات کی اسمگلنگ کو روکنے کی بات کہی گئی تھی۔ ساتھ ہی انہوں نے اپنے پریس نوٹ میں آئی جی مہیندر سنگھ اور اے ایس پی انوراگ پانڈے پر بھی سنگین الزامات عائد کئے تھے۔ انہوں نے کہا تھا کہ افسران بھی اس نشے کے کاروبار میں شامل ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔