بی جے پی لیڈر شواجی کی مورتی کے سامنے ہاتھ جوڑتے ہیں مگر عملی طور پر ان کے نظریہ کے خلاف کام کرتے ہیں: راہل گاندھی

راہل گاندھی نے مہاراشٹر کے کولہا پور میں چھترپتی شواجی مہاراج کی مورتی کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے بی جے پی پر سخت تنقید کی اور اس کی حکمت عملی اور نظریے کو ہدف تنقید بنایا

<div class="paragraphs"><p>راہل گاندھی / بشکریہ ایکس</p></div>

راہل گاندھی / بشکریہ ایکس

user

قومی آواز بیورو

کولہا پور: کانگریس کے رکن پارلیمنٹ اور حزب اختلاف کے رہنما راہل گاندھی نے ہفتہ کے روز مہاراشٹر کے کولہا پور میں چھترپتی شواجی مہاراج کی مورتی کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر سخت تنقید کی اور ان کی حکمت عملی اور نظریے کو ہدف تنقید بنایا۔

راہل گاندھی نے اپنی تقریر میں کہا کہ بی جے پی نے شواجی مہاراج کی مورتی تو بنائی لیکن کچھ ہی دنوں میں وہ مورتی ٹوٹ کر گر گئی۔ انہوں نے اس واقعے کو ایک علامتی پیغام قرار دیا اور کہا کہ شواجی مہاراج کی مورتی بنانے کا مطلب صرف مجسمہ سازی نہیں ہے، بلکہ ان کی سوچ اور نظریے کی حفاظت بھی کرنی پڑے گی۔

راہل گاندھی نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ بی جے پی کے لیڈر شواجی مہاراج کی مورتی کے سامنے ہاتھ جوڑ کر احترام کا مظاہرہ تو کرتے ہیں لیکن عملی طور پر ان کی سوچ کے خلاف کام کرتے ہیں۔ گاندھی کا کہنا تھا کہ ہندوستان میں آج دو مختلف نظریات کے درمیان ایک بڑی جنگ چل رہی ہے۔ ایک طرف وہ نظریہ ہے جو آئین کی حفاظت کرتا ہے، برابری اور اتحاد کی بات کرتا ہے اور یہ شواجی مہاراج کا نظریہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دوسری طرف بی جے پی اور اس کے اتحادیوں کی وہ نظریہ ہے جو شواجی مہاراج کی سوچ کو ختم کرنے میں مصروف ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بی جے پی کا نظریہ ڈرانا، دھمکانا اور آئینی حقوق کو کمزور کرنا ہے، جو اس عظیم رہنما کی سوچ کے بالکل برعکس ہے۔ راہل گاندھی نے کہا کہ جس نظریے کے خلاف شواجی مہاراج نے اپنی زندگی بھر جنگ کی، آج کانگریس پارٹی اسی نظریے کے خلاف لڑ رہی ہے۔


راہل گاندھی نے شواجی مہاراج کی تعلیمات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ اس بات پر زور دیا کہ ملک سب کا ہے اور سب کو ساتھ لے کر چلنا ہے۔ کسی کے ساتھ بھی ناانصافی نہیں ہونی چاہیے۔ راہل گاندھی نے کہا کہ آج آئین شواجی مہاراج کی سوچ کا عکاس ہے، کیونکہ آئین میں ہر وہ اصول شامل ہے جس کے لیے شواجی مہاراج نے اپنی پوری زندگی جدوجہد کی۔

راہل گاندھی نے آئین کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ ہندوستان کا آئین شواجی مہاراج کی سوچ اور اصولوں پر مبنی ہے۔ ان کے مطابق آئین میں شامل حقوق، برابری، انصاف اور اتحاد کے اصول وہی ہیں جن کے لیے شواجی مہاراج نے جنگ کی تھی۔ راہل گاندھی نے مزید کہا کہ شواجی مہاراج کی تعلیمات اور ان کے نظریات آج بھی ملک کے لیے راہنما اصول ہونے چاہئیں۔

راہل گاندھی نے اپنی تقریر کے دوران شواجی مہاراج کی مورتی کے ٹوٹنے کے واقعے کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ یہ ایک علامتی واقعہ تھا۔ انہوں نے اس واقعے کو بی جے پی کی ناکامی کی نشانی قرار دیتے ہوئے کہا کہ جو لوگ صرف شواجی مہاراج کی مورتی بنانے پر زور دیتے ہیں، انہیں یہ بھی سمجھنا چاہیے کہ ان کی سوچ اور نظریے کی حفاظت بھی اتنی ہی ضروری ہے۔

راہل گاندھی نے موجودہ سیاسی ماحول پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی اور اس کے اتحادی آج شواجی مہاراج کے نظریے سے بالکل برعکس کام کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کانگریس پارٹی شواجی مہاراج کی تعلیمات اور اصولوں کے ساتھ کھڑی ہے اور وہ اسی نظریے کے دفاع میں لڑائی جاری رکھے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔