بی جے پی کے اہم لیڈر کی لالو یادو سے ملاقات، پارٹی چھوڑنے کا اندیشہ

چارہ گھوٹالہ معاملہ میں سزا کاٹ رہے لالو یادو سے ملنے کے لیے ہفتہ کو بی جے پی کے سینئر لیڈر شتروگھن سنہا، کانگریس لیڈر سبودھ کانت سہائے اور جھارکھنڈ مکتی مورچہ لیڈر ہیمنت سورین رانچی پہنچے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

بہار کی سیاست میں لوک سبھا انتخابات سے قبل لگاتار این ڈی اے کو جھٹکے لگ رہے ہیں۔ این ڈی اے میں بھگدڑ جیسا ماحول بنا ہوا ہے۔ لیکن اس درمیان بی جے پی کے انتہائی اہم لیڈر کے آر جے ڈی صدر لالو پرساد یادو سے ملاقات کی خبریں موصول ہوئی ہیں۔ شاٹ گن کے نام سے مشہور بی جے پی کے سینئر لیڈر شتروگھن سنہا 22 دسمبر کو ریمس میں لالو یادو سے ملاقات کی۔ ان کے ساتھ کانگریس لیڈر اور سابق مرکزی وزیر سبودھ کانت سہائے اور جھارکھنڈ مکتی مورچہ (جے ایم ایم) کےلیڈر ہیمنت سورین بھی تھے۔

ویسے تو شتروگھن سنہا مودی حکومت اور ان کی پالیسیوں کے خلاف اکثر بیان دیتے رہے ہیں لیکن لالو پرساد یادو سے ان کی ہفتہ کے روز ہوئی ملاقات کو سیاسی حلقے میں کافی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ ویسے بھی باغیانہ تیور اختیار کرنے والے شتروگھن سنہا اشاروں اشاروں میں پہلے ہی انتخاب لڑنے سے متعلق ایک بیان دے چکے ہیں جو سرخیاں بنی تھی۔ انھوں نے کہا تھا کہ میں انتخاب کسی بھی پارٹی سے لڑوں لیکن سیٹ پٹنہ صاحب انتخابی حلقہ ہی ہوگا۔ ایسے میں امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ شتروگھن سنہا جلد ہی مہاگٹھ بندھن میں حمایت دینے والی کسی پارٹی میں شامل ہو سکتے ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی شکست سے متعلق بات کرتے ہوئے جمعہ کے روز شتروگھن سنہا نے کہا تھا کہ بی جے پی 3 نہیں بلکہ 5 ریاستوں میں ہاری ہے۔ اب بھی وقت ہے کہ لال کرشن اڈوانی، یشونت سنہا اور ارون شوری کو گلے لگایا جائے۔ اسی طریقے سے انتخابات میں ڈیمج کنٹرول ہو سکتا ہے۔

بہر حال، لالو پرساد یادو سے ملاقات کے بعد ہیمنت سورین نے بتایا کہ انھوں نے لالو کی صحت کے تعلق سے جانکاری لی۔ ویسے ساتھ ہی انھوں نے اس بات کا اعتراف بھی کیا کہ گفتگو کے دوران سیاست پر بھی بات چیت ہوئی اور جھارکھنڈ میں مہاگٹھ بندھن کو مضبوط کرنے کی سمت پر تبادلہ خیال ہوا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔