بی جے پی لیڈر جیوترادتیہ سندھیا اور ان کی ماں علیل، کورونا انفیکشن کا اندیشہ

میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق تقریباً 4 روز قبل ہی بی جے پی لیڈر جیوترادتیہ سندھیا اور ان کی ماں مادھوی راجے سندھیا دہلی کے میکس اسپتال میں داخل ہوئیں جہاں ان کا کورونا کا علاج چل رہا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

کانگریس چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہوئے معروف لیڈر جیوترادتیہ سندھیا کی طبیعت گزشتہ کچھ دنوں سے خراب چل رہی ہے۔ انھیں دہلی کے ساکیت اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ کچھ ہندی نیوز پورٹل پر شائع رپورٹ میں اسپتال کے ذرائع کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ جیوترادتیہ سندھیا کورونا وائرس انفیکشن کا علاج کرانے اسپتال میں داخل ہوئے۔ خبروں کے مطابق سندھیا اور ان کی ماں مادھوی راجے سندھیا کورونا پازیٹو ہیں اور گزشتہ چار دنوں سے ساکیت واقع میکس اسپتال میں علاج کے لیے داخل ہیں۔

میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ جیوترادتیہ سندھیا میں کورونا انفیکشن کی علامت دکھائی دے رہی تھی جب کہ ان کی ماں میں کوئی علامت نہیں تھی، لیکن دونوں کی ہی رپورٹ پازیٹو ہے۔ حالانکہ ڈاکٹروں نے ابھی تک ان کی بیماری کے تعلق سے کچھ بھی بیان نہیں دیا ہے بس اتنی سی بات سامنے آئی ہے کہ اسپتال میں ان کی جانچ کی جا رہی ہے۔ سندھیا فیملی کے کسی بھی رکن کا اس سلسلے میں کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے کہ جیوترادتیہ اور ان کی ماں کورونا انفیکشن کی زد میں ہیں یا پھر کسی دیگر مرض کا علاج کرانے میکس میں داخل ہوئے ہیں۔


قابل ذکر ہے کہ جیوترادتیہ سندھیا 19 جون کو ہونے والے راجیہ سبھا الیکشن میں مدھیہ پردیش سے بی جے پی کے امیدوار ہیں۔ وہ کچھ مہینے پہلے ہی کانگریس کا دامن چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہوئے تھے اور ان کے ساتھ کچھ دیگر اراکین اسمبلی نے بھی کانگریس کا ساتھ چھوڑ دیا تھا۔ اس سیاسی اٹھا پٹخ کی وجہ سے مدھیہ پردیش میں کانگریس کی حکومت گر گئی اور پھر بی جے پی برسراقتدار آ گئی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔