لو جہاد نہیں روکا گیا تو ہر شہر میں بن جائے گا پاکستان: بی جے پی لیڈر
راجستھان کے سابق وزیر داخلہ اور بی جے پی لیڈر گلاب چند کٹاریا نے لو جہاد پر متنازعہ بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’’اگر ہندو متحد نہیں ہوئے تو راجستھان کے شہر پاکستان میں تبدیل ہو جائیں گے۔‘‘
راجستھان کے سابق وزیر داخلہ اور بی جے پی کے سینئر لیڈر گلاب چند کٹاریا نے لو جہاد سے متعلق ایک انتہائی متنازعہ بیان دیا ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ اگر لو جہاد کو نہیں روکا گیا تو ملک کے ہر شہر میں پاکستان بن جائے گا۔ اس بیان کا ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہا ہے۔ خبروں کے مطابق گزشتہ اتوار کو اودے پور میں ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے گلاب چند کٹاریا نے کہا کہ ’’اگر ہندو سماج بیدار نہیں ہوا تو پنکچر بنانے والے ہندو سماج کی بیٹیوں کو لے جائیں گے اور ہر شہر میں پاکستان بن جائے گا۔‘‘
کٹاریا نے آگے کہا کہ کبھی موقع ملے تو پرانے جے پور کے محلوں کو دیکھ لینا۔ وہاں تمھارے بھگوان رو رہے ہیں۔ مندر میں پوجا نہیں ہوتی۔ آپ کے بھگوان کی خدمت نہیں ہوتی۔ کیونکہ مندر ایسی بستی میں ہے جہاں وہ کبھی ہڈی پھینکتے ہیں کبھی گوشت کےٹکڑے۔ اپنی فیملی و بچوں کی سلامتی کے سبب چاہ کر بھی کوئی ان کی کوئی مخالفت نہیں کر پاتا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ’’ملک میں لو جہاد تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ اگر اسی طرح چلتا رہا تو ہندوستان کے ہر شہر میں پاکستان بن جائے گا۔‘‘ کٹاریا نے یہ بھی کہا کہ اودے پور کو بدلنے کا وقت آ گیا ہے ورنہ یہاں بھی جے پور جیسی حالت ہوگی۔
گلاب چند کٹاریا کے اس بیان کی کانگریس نے سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ پارٹی نے کٹاریا کے بیان پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اسمبلی انتخاب میں شکست کے بعد بی جے پی اب پولرائزیشن کا کارڈ کھیل رہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔