راجستھان: خاتون ڈاکٹر خودکشی معاملے میں بی جے پی لیڈر گرفتار
پیر کو مرنے والی حاملہ خاتون کے شوہر نے کہا کہ اس نے اسپتال کے خلاف کوئی شکایت درج نہیں کرائی ہے، انھوں نے کہا کہ ’’مجھے نہیں پتہ کہ سادے کاغذ پر میرے دستخط کس نے کیے ہیں۔‘‘
راجستھان پولیس نے جمعرات کو دوسا ضلع میں ایک ڈاکٹر ارچنا کی خودکشی کے معاملے میں بی جے پی کے سابق رکن اسمبلی جتیندر گوٹھوال کو گرفتار کر لیا ہے۔ افسران کے مطابق گوٹھوال پر ڈاکٹر جوڑے کے خلاف مظاہرین کو مشتعل کرنے کا الزام ہے۔ ان پر اسپتال انتظامیہ کو بلیک میل کرنے سمیت کئی سنگین الزامات بھی لگے ہیں۔
راجستھان کے دوسا ضلع میں ڈاکٹر ارچنا شرما اور ان کے شوہر کے ذریعہ چلنے والے ایک پرائیویٹ اسپتال میں پیر کی شب ایک حاملہ خاتون کی موت ہو گئی تھی، جس کے بعد مظاہرین کی بھیڑ نے ہنگامہ کیا تھا۔ پولیس کے مطابق اس واقعہ سے مایوس ڈاکٹر ارچنا منگل کو اپنے گھر میں مردہ پائی گئیں۔ ان کی لاش پنکھے سے لٹکی ملی تھی۔
اس درمیان پیر کو مرنے والی حاملہ خاتون کے شوہر نے کہا کہ اس نے اسپتال کے خلاف کوئی شکایت درج نہیں کرائی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’مجھے نہیں پتہ کہ سادے کاغذ پر میرے دستخط کس نے کیے ہیں۔‘‘ دوسری طرف ڈاکٹر ارچنا کے شوہر سنیت نے میڈیا کو بتایا کہ معاملے پر سیاست کی جا رہی ہے۔ انھوں نے شیوشنکر نام کے ایک مقامی لیڈر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی لیڈران ایسے لوگوں کو تحفظ فراہم کرتے ہیں۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ انھیں تحفظ دینا بند کیا جائے۔ سبھی ڈاکٹر اپنے مریضوں کوبچانے کی کوشش کرتے ہیں۔ میری بیوی دنیا سے چلی گئی ہے، لیکن دیگر ڈاکٹروں کے ساتھ ایسا نہیں ہونا چاہیے۔
الزام ہے کہ گوٹھوال نے مہلوک خاتون کے گھر والوں کو ارچنا اور اسپتال کے خلاف تحریک چلانے کے لیے اکسایا۔ حالانکہ گوٹھوال نے کہا کہ پرینکا گاندھی کو ٹرین کا ٹکٹ بھیجنے کے سبب انھیں پھنسایا جا رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ میرے آنے سے پہلے ہی دفعہ 302 کے تحت معاملہ درج کیا گیا تھا۔ میں پرینکا گاندھی کو ٹرین کا ٹکٹ بھیجا تھا اور اس لیے مجھے سزا دی گئی ہے۔ میں دلت کے لیے لڑنا جاری رکھوں گا۔
دراصل جیتندر گوٹھوال بی جے پی کے ریاستی سکریٹری ہیں۔ وہ حال ہی میں کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی کو ٹرین کا ٹکٹ بھیجنے کے لیے موضوعِ بحث بنے تھے۔ انھوں نے پرینکا گاندھی کو ’لڑکی ہوں، لڑ سکتی ہوں‘ نعرے کی یاد دلاتے ہوئے ایک نابالغ کے ساتھ مبینہ اجتماعی عصمت دری معاملے میں جلد از جلد راجستھان کا دورہ کرنے کا چیلنج پیش کرتے ہوئے ٹکٹ بھیجا تھا۔
اس درمیان بی جے پی کے ریاستی ترجمان رام لال شرما نے ایک بیان جاری کر کہا کہ اس معاملے میں گوٹھوال کی گرفتاری سے اشارہ ملتا ہے کہ راجستھان میں کانگریس حکومت اپنی ناکامیوں کو چھپانے کے لیے کام کر رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’پولیس نے گوٹھوال کے موقع پر پہنچنے سے کئی گھنٹے پہلے دفعہ 302 کے تحت ایف آئی آر درج کی تھی۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔