ہم ’آندولن کاری‘، بی جے پی ’ووٹ کاری‘، وہ ووٹ حاصل کرنا جانتی ہے: راکیش ٹکیت
راکیش ٹکیت بی جے پی اور اس کی پالیسیوں کے خلاف تشہیر کر رہے تھے اور انھوں نے کسانوں سے پارٹی کو ووٹ نہ دینے کی اپیل بھی کی تھی،لیکن ان کی اس اپیل کا زمین پر اثر نہیں ہوا۔
بھارتیہ کسان یونین (بی کے یو) کے ترجمان راکیش ٹکیت نے کہا کہ بی جے پی نے صرف زیادہ سے زیادہ ووٹ ھاصل کرنے کے لیے کام کیا، بلکہ ایسا کرنے میں کامیاب بھی رہی ہے۔ راکیش ٹکیت نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے 13 مہینے تک کامیابی کے ساتھ کسان تحریک کی۔ ہم ’آندولن کاری‘ (تحریک چلانے والے) ہیں، اور بی جے پی ’ووٹ کاری‘ (ووٹ حاصل کرنے والی) ہے۔ اس بار سبھی سیاسی پارٹیوں نے کسانوں کو سنجیدگی سے لیا اور اپنے منشور میں ان کے فلاح کو شامل کیا۔ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ کون جیتتا ہے لیکن انھیں کسانوں کو دیا وعدہ پورا کرنا ہوگا۔
واضح رہے کہ راکیش ٹکیت بی جے پی اور اس کی پالیسیوں کے خلاف تشہیر کر رہے تھے اور انھوں نے کسانوں سے پارٹی کو ووٹ نہ دینے کی اپیل بھی کی تھی۔ اتر پردیش اسمبلی انتخاب پر کسانوں کی تحریک کے اثرات کے بارے میں پوچھے جانے پر ٹکیت نے کہا کہ کسان تحریک نے بی جے پی کو کافی نقصان پہنچایا ہے۔ وہ مغربی یوپی میں کئی سیٹیں ہار گئے ہیں جو انھوں نے گزشتہ انتخابات میں جیتی تھی۔
یہ بھی پڑھیں : اسدالدین اویسی نے یوپی کے نتائج کو ’20-80‘ کی جیت قرار دیا
مظفر نگر میں انھوں نے کہا کہ سماجوادی پارٹی-آر ایل ڈی اتحاد نے بی جے پی کی چھ سیٹوں میں سے چار سیٹوں پر قبضہ کر لیا۔ ان میں بڈھانا انتخابی حلقہ بھی تھا جس میں ٹکیت کا گاؤں واقع ہے۔ وہاں آر ایل ڈی کے گورنر بالیان نے بی جے پی رکن اسمبلی امیش ملک کو ہرایا۔ انھوں نے کہا کہ لیکن بی جے پی جیت گئی کیونکہ یوپی ایک بڑی ریاست ہے اور پارٹی جانتی ہے کہ ووٹ کیسے حاصل کیا جاتا ہے۔ ایک طرف یہ لوگوں کو غریب بناتی ہے اور دوسری طرف تقسیم کرنے کے لیے فرقہ واریت کا کارڈ کھیلتی ہے۔ اس پالیسی کو پورے ملک میں سرگرم کیا جا رہا ہے۔ یہ دہراتے ہوئے کہ کسانوں کی جدوجہد جاری رہے گی، ٹکیت نے کہا کہ ہم اب ایک کمیٹی بنائیں گے اور یہ یقینی کریں گے کہ بی جے پی کسان سے متعلق ایشوز کا حل نکالے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔