بی جے پی قبائلیوں کی شناخت کو مٹانے کی کوشش کر رہی ہے: راہل
لڑکیوں اور خواتین کے تئیں بی جے پی کا رویہ الگ ہے وہ لڑکیوں کو یہ کہہ کر مورد الزام ٹھہراتے ہیں کہ لڑکیوں کے کپڑے عصمت دری کے لیے ذمہ دار ہوتے ہیں۔
کانگریس کے لیڈر راہل گاندھی نے بھارتیہ جنتا پارٹی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ قبائلیوں کو جنگل میں رہنے والے کہہ کر ان کی اصلی شناخت کو مٹانے کا کام کر رہی ہے تاکہ وہ ہمیشہ جنگل میں رہیں اور انہیں اپنے مالکانہ حقوق نہ ملیں۔
آج یہاں ہزاروں قبائلی کام کرنے والی خواتین کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا، "قبائلی ثقافت اور تاریخ ملک کے لیے اہم ہے اور ماحولیات کے ساتھ آپ کا رشتہ مضبوط ہے اور یہی اہم ہے۔ قبائلیوں کی زبان، لباس اور رہن سہن مختلف ہے لیکن آپ ہمارے ہیں اور ہم سے الگ نہیں، کانگریس نے قبائلیوں کے لیے پی ای ایس اے ایکٹ، فاریسٹ رائٹس ایکٹ دیا لیکن یہ آپ کو تحفے کے طور پر نہیں دیا گیا بلکہ یہ آپ کا حق ہے۔‘‘
انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے خواتین کو بلدیاتی اداروں میں ریزرویشن دے کر سیاست میں خواتین کو نمائندگی دی۔ کانگریس نے خواتین، قبائلیوں، دلتوں اور سماج کے محروم طبقات کو انصاف فراہم کرنے کا کام کیا ہے۔ لڑکیوں اور خواتین کے تئیں بی جے پی کا رویہ الگ ہے۔ لڑکیوں کو یہ کہہ کر مورد الزام ٹھہرایا جاتا ہے کہ لڑکیوں کے کپڑے عصمت دری کے لیے ذمہ دار ہوتے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی خواتین کا احترام کرنے کے بجائے ان کی توہین کرتی ہے۔
مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ دگ وجے سنگھ، آل انڈیا مہیلا کانگریس کی صدر نیتا ڈیسوزا، مہاراشٹر پردیش کانگریس کے صدر نانا پٹولے، لیجسلیچر پارٹی کے لیڈر بالا صاحب تھوراٹ، مہاراشٹر پردیش مہیلا کانگریس کی صدر سندھیا ساولکھے، سابق وزیر یشومتی ٹھاکر اور کسان لیڈر یوگیندر یادو سمیت اجلاس میں دیگر معززین بھی موجود تھے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔