بی جے پی بنگال کی پرامن فضا کو زہر آلود کر رہی ہے: ابھشیک
ابھشیک بنرجی کا کہنا ہے کہ بی جے پی لیڈران دھمکی آمیز گفتگو کرتے ہیں اور اپنے مخالفین کی زبان کاٹ دینے کی دھمکیاں دیتے ہیں، لیکن بنگال کی عوام ایسے لوگوں کو برداشت نہیں کرے گی۔
کلکتہ: ترنمول کانگریس کے ممبر پارلیمنٹ اور یوتھ ونگ کے سربراہ ابھیشیک بنرجی نے بی جے پی کو ملک بھر سے اکھاڑ پھینکنے کا عزم دہراتے ہوئے کہا کہ بی جے پی، گائے، مذہب اور مندر کے نام پر سیاست کرکے ملک میں یکجہتی کے ماحول کو نقصان پہنچارہی ہے۔
بی جے پی کے ریاستی صدر دلیپ گھوش کانام لیے بغیر ممتا بنرجی کے بھتیجے اور ترنمول کانگریس کے نوجوان لیڈرنے کہا کہ بی جے پی لیڈران دھمکی آمیز گفتگو کرتے ہیں اور اپنے مخالفین کی زبان کاٹ دینے کی دھمکیاں دیتے ہیں۔مگر بنگال کے عوام ایسے لوگوں کو برداشت نہیں کرے گی۔انہوں نے کہا کہ پانچ ریاستوں میں بی جے پی کو شکست فاش کا سامنا کرنا پڑا، مدھیہ پردیش، راجستھان اور چھتس گڑھ میں بی جے پی کی حکومت کا خاتمہ ہوگیا۔بی جے پی اس سے سبق لینے کے بجائے بنگال کے ماحول کو بھی نقصان پہنچانے کی کوشش کررہی ہے۔بنگال میں بھی گائے، مذہب اور مندر کی سیاست کی جارہی ہے جب کہ بنگال میں کبھی بھی اس طرح کے سطح پر نیچے گرکر سیاست نہیں کی گئی۔یہاں ترقی کے نام پرسیاست ہوتی رہی ہے اور آئندہ بھی ہوگی۔بی جے پی کو بنگال کے عوام کبھی بھی قبول کرنے والے نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ سال ہونے والے پارلیمانی انتخاب میں بنگال میں تو بی جے پی کو ایک سیٹ نہیں ملے گی۔ساتھ ہی ملک کے عوام بھی بی جے پی کو رد کردیں گے اور مودی حکومت کی واپسی کے امکانات دور دور تک نظرنہیں آرہے ہیں۔ابھیشیک بنرجی نے مہنگائی میں اضافہ کیلئے مودی حکومت کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا کہ گیس سیلنڈر اور تیل کی قیمتیں کہاں سے کہاں پہنچ گئی ہیں۔کسان بدحالی کے شکار ہیں، کئی ریاستوں میں کسان خودکشی کررہے ہیں۔مگر بی جے پی عوامی مسائل کو حل کرنے کے بجائے جذباتی نعروں کے ذریعہ عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہی ہے۔
ابھیشیک بنرجی نے بی جے پی پر ہندو مسلم اتحاد کو نقصان پہنچانے کا الزام عاید کرتے ہوئے کہا کہ گائے اب ان کیلئے دودھ نہیں دے گی۔2014میں جھوٹ بول کر گائے کا دودہ حاصل کرلیا تھا مگر گائے کو بھی بی جے پی کی حقیقت کا علم ہوچکا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔