فوج کی کامیابی کو اپنی کامیابی بتا کر بی جے پی ملک کو گمراہ کر رہی: جتیندر سنگھ
سابق مرکزی وزیر مملکت برائے دفاع جتیندر سنگھ کا کہنا ہے کہ کانگریس نے کبھی فوج کےنام پر واہ واہی نہیں لوٹی لیکن فوج نے جو سرجیکل اسٹرائیک کی ہیں اس کا نام لے کر بی جے پی فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہی ہے۔
الور: سابق مرکزی وزیر مملکت برائے دفاع جتیندر سنگھ نے بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جےپی) پر فوج کی کارروائی کو اپنی کامیابی بتا کر اسے عوام کے جذبات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے الزام لگایا کہ وہ اپنی کمزوریوں کو چھپانے کےلئے ملک کو گمراہ کرر ہی ہے۔
جتیندرسنگھ نے آج یہاں میڈیاسے کہا کہ کانگریس کے اقتدارمیں ایسی سرجیکل اسٹرائیک ہوتی رہتی تھیں،لیکن بی جےپی فوج کی کارروائی کو اپنی کامیابی بتا کر ملک کے عوام کے جذبات سے فائدہ اٹھانا چاہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ فوج کا یہ روٹین ورک ہے کہ وہ پاکستان سمیت دیگر سرحدوں پر دہشت گردی کے واقعات سے نمٹنے کی کارروائی کرے۔اس کے لئے انہیں پوری چھوٹ ملی ہوتی ہے۔ان کے دور اقتدار میں ایسی 19سرجیکل اسٹرائیک ہوئی تھیں ، لیکن کانگریس نے کبھی اس کا فائدہ اٹھانے کی کوشش نہیں کی،لیکن بی جےپی سرجیکل اسٹرائیک کا فائدہ اٹھا رہی ہے۔یہ لوگ کبھی ترنگا یاترا نکال رہے ہیں تو کبھی کچھ،لیکن عوام سب جانتے ہیں۔
جتیندر سنگھ نے کہا کہ کانگریس نے کبھی فوج کے نام پر واہ واہی نہیں لوٹی۔فوج نے جو سرجیکل اسٹرائیک کی اس کا سہرا فوج کے ہی سر باندھا جاتا ہے،نہ کہ ایک پارٹی کے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کا وقت ہے۔مرکزی حکومت ہر مورچے پر ناکام ہوچکی ہے۔نوٹ بندی ،جی ایس ٹی،دفعہ 370اور پندرہ لاکھ روپے کھاتے میں آنے کے وعدے کیے لیکن ہوا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ جی ایس ٹی سے چھوٹے چھوٹے کاروباری برباد ہوگئے۔اپنی کمزوریوں کو ڈھکنے کےلئے ملک کو گمراہ کیا جارہا ہے۔انہوں نے الزام لگایا کہ فوج کی آڑ میں پارٹی کا ایجنڈا چلایا جارہا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 04 Mar 2019, 2:09 PM