بی جے پی سماج کو تقسیم کر رہی ہے: راہل گاندھی

راہل نے کہا ’’بی جے پی پولرائزیشن کی سیاست کر رہی ہے۔ بی جے پی کی یہ کوشش خطرناک ہے اور اس سے ملک کے سامنے سنگین چیلنجز پیدا ہوں گے۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی:کانگریس صدر راہل گاندھی نے الزام لگایا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) سماج کو بانٹ کر ملک میں پولرائزیشن کا ماحول پیدا کر رہی ہے۔

کانگریس کے شعبہ اطلاعات نے جاری ایک بیان میں کہا کہ راہل گاندھی کے سنگاپور اور ملیشیا کے تین روزہ دورہ کے دوران سنگاپور کی کمپنیوں میں ملازم ہندوستانی نژاد اعلی افسران سے خطاب کرتے ہوئے بی جے پی پر شدید حملہ کیا اور کہا کہ ’’بی جے پی پولرائزیشن کی سیاست کر رہی ہے۔ بی جے پی کی یہ کوشش خطرناک ہے اور اس سے ملک کے سامنے سنگین چیلنجز پیدا ہوں گے۔‘‘

راہل گاندھی نے کہا کہ ’’کانگریس ہمیشہ سماج میں توازن بنانے کے لئے کام کرتی رہی ہے لیکن بی جے پی اس کے برعکس کام کر رہی ہے اور بی جے پی کو سماج میں امن اور بھائی چارے کو برقرار رکھنے کی فکر نہیں ہے۔ کانگریس مانتی ہے کہ سماج کو بانٹنے کے لئے پولرائزیشن کی سیاست خطرناک ہے۔‘‘

راہل نے ملک کے دیہی علاقوں سے بڑے پیمانہ پر ہو رہی نقل مکانی پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ ملک کے سامنے بڑا چیلنج ہے۔

گاندھی نے اپنے پروگراموں کی معلومات ٹویٹس کی اور کہا’’اگلے تین دن کے دوران میں سنگاپور اور ملیشیا میں ہندوستانی برادری کے لوگوں، صنعت کاروں اور انڈین اوورسیز کانگریس کے نمائندوں سے ملوں گا۔ سنگاپور کے وزیر اعظم پی سین لنگ اور ملیشیا کے وزیر اعظم نجیب رزاق سے ملنے کا بھی میرا پروگرام ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔