بی جے پی تشہیر میں ’ہیرو‘ اور کام میں ’زیرو‘ ہے: غلام نبی آزاد
غلام نبی آزاد نے کہا، ’’ہم کام میں ہیرو اور انتخابی مہم میں زیرو ہیں لیکن دوسری پارٹی (بی جے پی) انتخابی مہم میں ہیرو اور کام میں زیرو ہے۔‘‘
چنڈی گڑھ: راجیہ سبھا میں حزب اختلاف کے رہنما غلام نبی آزاد نے جمعہ کے روز بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے زیر قیادت قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بی جے پی ’تشہیر میں ہیرو اور کام میں زیرو ہے۔‘ غلام نبی آزاد نے یہاں نامہ نگاروں سے کہا، ’’ہم کام میں ہیرو اور انتخابی مہم میں زیرو ہیں۔ لیکن دوسری پارٹی (بی جے پی) انتخابی مہم میں ہیرو اور کام میں زیرو ہے۔‘‘
کانگریس قائدین یہاں 21 اکتوبر کو ہونے والے اسمبلی انتخابات کے لئے پارٹی کا منشور جاری کرنے آئے تھے۔ انہوں نے کہا، ’’ان کا کام ٹی وی پر ہے لیکن ہمارا کام زمین پر ہے۔ ہم نوجوانوں ، غریبوں ، خواتین ، کسانوں اور عام لوگوں کے لئے کام کریں گے۔‘‘
غلام نبی آزاد نے کہا ، ’’ہم بیواؤں ، معذوروں، طلاق یافتہ اور غیر شادی شدہ خواتین کو 5100 روپئے ماہانہ پنشن دیں گے۔ ہم ٹرانس جینڈر (خواجہ سرا) برادری کے لوگوں کو 5100 روپے ماہانہ پنشن دیں گے اور ان کا وقار زندگی کا حق یقینی بنائیں گے۔"
غلام نبی آزاد نے پنچایتی راج اداروں اور شہری اداروں میں خواتین کو 50 فیصد ریزرویشن دینے کا بھی وعدہ کیا۔ انہوں نے ریاستی سرکاری ملازمتوں میں خواتین کے لئے 33 فیصد ریزرویشن اور تمام شعبوں میں خواتین کے لئے مساوی مواقع دینے کا بھی وعدہ کیا۔انہوں نے کہا ، ’’ہم خواتین کی ملکیت والی پراپرٹی پر ہاؤس ٹیکس میں 50 فیصد کی چھوٹ دیں گے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 11 Oct 2019, 9:00 PM