کرناٹک انتخاب: بی جے پی ہندوتوا کارڈ کھیلنے کو تیار
بڑی تعداد میں بی جے پی کے مقامی پارٹی کے لیڈر ہندوؤں کے مارے جانے اور گئوركشا کے ایشوز کو انتخابی منتر کے طور پر اپنا رکھا ہے۔ تاکہ ہندوؤں کو متحد کیا جاسکے۔
بنٹوال: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کرناٹک اسمبلی کے 12 مئی کو ہونے والے انتخابات میں جنوبی کنڑ اضلاع میں ہندوتو ا کارڈ اور گئوركشا کے مسائل پر زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کی کوشش میں ہے اور کوئی بھی موقع ہاتھ سے جانے دینا نہیں چاہتی۔ ویسے حقیقت تو یہ ہے کہ بی جے پی کے حقیقی ناخدا تو وزیر اعظم نریندر مودی ہی ہیں لیکن اس کے باوجود مقامی پارٹی کے لیڈر بڑی تعداد میں ہندوؤں کے مارے جانے اور گئوركشا کے ایشوز کو انتخابات کےمنتر کے طور پر اپنا رکھا ہے۔
بنٹوال فرقہ وارانہ فسادات کا کوئی تین دہائی تک اہم مرکز رہا ہے۔ بی جے پی کو بنٹوال سیٹ حاصل کرنے کے لئے ہندو ووٹ کو اپنے حق میں کرنے میں ایڑی چوٹی ایک کرنی پڑرہی ہے کیونکہ اس سیٹ سے کانگریس کے سینئر لیڈر اور وزیر راماكانت رائے انتخاب لڑ رہے ہیں۔ ایک دوکاندار کے ایس پرکاش نے کہا’’مسٹر رائے ٹھیک ہیں لیکن سدارميا کی حکومت نے ہندوؤں پر کوئی توجہ نہیں دی۔ حال ہی میں مسلمانوں کے اوپر سے بہت سے کیس اٹھا لئے گئے۔ یہاں گائے چوری کے کئی معاملہ سامنے آئے ہیں لیکن انتظامیہ نے ابھی تک کچھ بھی نہیں کیا‘‘۔
اس نے حال ہی میں بنٹوال تعلقہ کے كیرانگالہ میں امرت دھر گئوشالا سے گائے چوری کے واقعہ کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ جب گئوشالا کے سربراہ نےمجرموں کی گرفتاری کی مانگ کو لے کر بھوک ہڑتال شروع کی تو یہ معاملہ اجاگر ہوا۔ پولس نے دو دن کے اندر اندر دو افراد کو گرفتار کیا جو اقلیتی طبقہ سے تھے۔ وہ بھوک ہڑتال تقریباً 10 دنوں تک چلی تھی۔
اس واقعہ نے راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے متنازعہ رہنما کے پربھاکر بھٹ اور جنوبی کنڑ سے ممبر پارلیمنٹ نلن کمار كٹيل سمیت کئی بھگوا رہنماؤں کی توجہ اپنی اور کھینچا۔ کانگریس نے الزام لگایا کہ آر ایس ایس ہندو جذبات کے ساتھ کھلواڑ کرتے ہوئے واقعہ کو فرقہ وارانہ شکل دینے کی کوشش کر رہا ہے۔
شہر سے صرف چھ کلومیٹر دور كلاڑكا نامی علاقہ ہے جہاں 2017 کے وسط میں بڑے پیمانے پر فرقہ وارانہ تصادم ہوئے۔سیاسی مبصرین کے مطابق یہ فسادات اسمبلی انتخابات سے پہلے سیاسی درجہ حرارت بڑھانے کے مقصد سے کیا گیا تھا۔ بی جے پی ریاست میں ’گئو سرکشا‘ کو اہم انتخابی ایجنڈا کے طور پر بنانے پر زور دے رہی ہے۔ اپوزیشن لیڈر کے ایس يشورپا نے اس کی حمایت کرتے ہوئے دو دن پہلے کہا تھا کہ بی جے پی انتخابی مہم میں گئو رکشا کو اہم ایجنڈے کے طور پر شامل کرے گی۔
کرناٹک کی پہلی بی جے پی حکومت کے اہم آرکیٹیکٹ کے پربھاکر بھٹ نے حال ہی میں’گئو رکشا‘ اور ’ہندو بھاؤنا‘ پر متنازعہ بیان دیا تھا۔وزیر مملکت اور منگلور کے ممبر اسمبلی یو ٹی قادر پر بھٹ کے اس بیان پر بہت سے حلقوں میں ان کی تنقید کی گئی تھی جس میں انہوں نے کہا ’’انہوں نے (قادر نے) گئو مانس کھایا اور ان کے جانے کے بعد مندروں کو پاک کیا جانا چاہئے‘‘۔
بی جے پی جنوبی کنڑ ضلع صدر سنجیو متندور نے کہا’’گزشتہ دورکے برعکس بی جے پی کے اس بار جیتنے کے زیادہ امکان ہیں۔ کئی ہندو رہنماؤں کا قتل کیا گیا ہے۔ حکومت گائے کے ذبیحہ کو روکنے کے لئے کچھ بھی نہیں کر رہی ہے اس علاقے میں ریت مافیا بھی سرگرم ہیں۔ یہ بہت ہی سنگین ہے اور بی جے پی ساحلی علاقوں میں ان ایشوز کو اٹھائے گی‘‘۔
جنوبی کنڑ میں آٹھ اسمبلی سیٹوں میں سے بی جے پی گزشتہ اسمبلی انتخابات میں سات پر ہار گئی تھی۔ حالانکہ پارٹی نے 2014 لوک سبھا انتخابات میں حمایت حاصل کی، جبکہ کیٹیل کی سات اسمبلی سیٹوں میں اکثریت ملی، جس نے بی جے پی کو نئی امید یں جگا دی ہیں ۔ 2013 میں بی جے پی کی شکست کے لئے کئی چیزوں کو ذمہ دار ٹھہرایا گیا تھا۔ مثلاً منگلور پب حملے پر روشنی ڈالنا اور فرقہ وارانہ تنازعات جیسے واقعات کو پارٹی کی شکست کو ذمہ دار ٹھہرایا گیا۔
ریاست میں تقریبا 15 فیصد مسلم آبادی ہے، جن میں سے 25 فیصد جنوبی کنڑ علاقہ میں ہیں۔ بنٹوال میں ایک آ ٹوركشا ڈرائیور رحمت اللہ نے کہا’’مودی ختم ہو چکے ہیں وہ کرناٹک میں زیادہ کچھ نہیں کر سکتے۔ نوٹ بندی نے بڑے پیمانے پر لوگوں کو متاثر کیا ہے ،کانگریس حکومت بہت سی چیزیں کر رہی ہیں۔ آخر ہم بھی امن و امان سے رہنا چاہتے ہیں‘‘۔
منگلور، حال ہی میں فرقہ وارانہ تنازعات اور سیاسی قتل کی وارداتوں کا گواہ رہا۔بجرنگ دل اور بی جے پی کارکن دیپک راؤ کا شہر کے كٹاپيلا میں قتل کر دیا گیا تھا جس کے خلاف دو مسلم نوجوانوں، عبدالبشیر اور محمد مبشر پر حملہ کیا گیا۔ پولس نے کہا کہ دونوں کا کوئی سیاسی پس منظر نہیں ہے۔ حملے میں بشیر کو ہلاک کر دیا گیا تھا۔
جنوبی کنڑ میں ’امن و امان‘ کے حالات پر سدارميا انتظامیہ کی ناکامی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے، بی جے پی نے مارچ کے آغاز میں دو ’رکشا یاترا‘ کا انعقاد کیا تھا۔یہ دو یاترائیں جنوبی کنڑ اور شمالی کنڑ میں کی گئیں ، جس سے پورے ساحلی پٹی میں زبردست کشیدگی پھیل گئی تھی۔ بہرحال کس پارٹی کا کارڈ کتنا چلے گا، یہ مستقبل میں پوشیدہ ہے اور انتخابات کے نتائج کے بعد ہی اس کا پتہ چلے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔