’جھارکھنڈ میں اسمبلی انتخاب سے عین قبل لیڈروں کی خرید و فروخت اور پولرائزیشن کر رہی بی جے پی‘، ڈی راجہ کا الزام
ڈی راجہ کا کہنا ہے کہ ’’اگر مرکزی وزیر داخلہ دراندازی کے ایشو پر سنجیدہ ہیں تو انھیں ملک کے سامنے وضاحت پیش کرنی چاہیے، اس کی جگہ وہ طبقات کے درمیان غلط فہمی اور جنگ والے حالات پیدا کر رہے ہیں۔
سی پی آئی (کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا) کے جنرل سکریٹری ڈی راجہ نے ہفتہ کے روز بی جے پی پر الزام عائد کیا کہ وہ جھارکھنڈ میں اسمبلی انتخاب سے عین قبل دوسری پارٹیوں کے لیڈران کی خرید و فروخت کر رہی ہے۔ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہا کہ بی جے پی لوگوں کو پولرائز کرنے کے لیے دراندازی جیسے ایشوز اٹھا رہی ہے۔
ڈی راجہ نے آج رواں سال کے آخر میں جھارکھنڈ میں ہونے والے اسمبلی انتخاب کے لیے پارٹی کی پالیسی پر تبادلہ خیال کرنے کے مقصد سے ایک میٹنگ میں شرکت کی۔ اس کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’’بی جے پی اور اس کے روایتی ساتھی جھارکھنڈ میں برسراقتدار پارٹیوں کو ہدف بنا رہے ہیں۔ اگر ممکن نظر آتا ہے تو وہ برسراقتدار پارٹی کے لیڈران کی خرید و فروخت کرتے ہیں۔ جھارکھنڈ میں ایسا ہو رہا ہے۔‘‘
صحافیوں سے بات چیت کے دوران ڈی راجہ نے بی جے پی کے ذریعہ دراندازی کا ایشو اٹھائے جانے پر سوالیہ نشان لگایا۔ انھوں نے کہا کہ ’’اگر مرکزی وزیر داخلہ دراندازی کے ایشو پر سنجیدہ ہیں، تو انھیں ملک کے سامنے اس تعلق سے وضاحت پیش کرنی چاہیے۔ اس کی جگہ وہ طقبات کے درمیان غلط فہمی اور جنگ والے حالات پیدا کر رہے ہیں۔ وہ اس کے لیے کچھ ریاستوں کو ہدف بنا رہے ہیں۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔