بی جے پی عوام نہیں مافیا حامی ہے: سلوجا

مدھیہ پردیش میں خوف سے آزاد ریاست، مافیاسے آزاد ریاست مہم زوروں سے چل رہی ہے۔ مافیا کے خوف سے متاثرین کو انصاف دلانے کا کام جاری ہے۔

سوشل میڈیا 
سوشل میڈیا
user

یو این آئی

مدھیہ پردیش کانگریس کے میڈیا کوآرڈینیٹر نریندر سلوجا نے الزام لگاتے ہوئے آج کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی ریاست گیر تحریک سے ثابت ہو گیا ہے کہ بی جے پی ریاست کے عوام کے نہیں، بلکہ مافیاؤں کے حق میں ہے۔

مسٹر سلوجا نے یہاں جاری بیان میں کہا کہ وزیر اعلی کمل ناتھ کی ہدایت پر ریاست میں خوف سے آزاد ریاست، مافیاسے آزاد ریاست مہم زوروں سے چل رہی ہے۔ مافیا کے خوف سے متاثرین کو انصاف دلانے کا کام جاری ہے۔ پوری ریاست کے عوام اس کارروائی سے کافی خوش ہیں اور اس مہم کی کھل کر حمایت کر رہے ہیں، لیکن بی جے پی عوامی مفاد کی اس مہم کی حمایت کرنے کی بجائے، اس کی مخالفت کر رہی ہے۔


کانگریس لیڈر نے کہا کہ بی جے پی نے حکومت کی اس مہم کے خلاف آج ریاست کے ضلع ہیڈ کواٹر میں مظاہرہ کیا، جس سے یہ ثابت ہو رہا ہے کہ بی جے پی عوام کے نہیں، بلکہ مافیاؤں کے حق میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں مافیا سے آزاد مہم کے تحت ابھی تک جتنی بھی کارروائیاں ہوئی ہیں، اس پر بی جے پی جواب دے کہ کس شخص کے خلاف کارروائی کو بی جے پی غلط مان رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بی جے پی مافیاؤں کی جو فہرست گورنر کو دینے کی بات کر رہی ہے، وہ فہرست عام کرے۔ اگر بی جے پی کی فہرست میں کسی بھی مافیا کا نام ہو گا، تو اس پر منصفانہ طریقے سے کارروائی کی جائے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔