جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کے لیے جاری امیدواروں کے ناموں کی فہرست کو بی جے پی نے واپس لیا

پارٹی کی طرف سے لسٹ کو اَپ ڈیٹ کرکے دوبارہ جاری کرنے کی بات کہی گئی ہے۔ لسٹ میں سابق نائب وزیراعلیٰ اور سابق اسمبلی اسپیکر کا نام بھی نہیں تھا شامل۔

بی جے پی کے صدر جے پی نڈا / تصویر یو این آئی
بی جے پی کے صدر جے پی نڈا / تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

جموں و کشمیر میں اگلے مہینے تین مرحلوں میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں۔ اس سلسلے میں بی جے پی نے پیر کو 44 امیدواروں کے ناموں کی فہرست جاری کی تھی لیکن تھوڑی دیر بعد ہی پارٹی نے اسے واپس لیتے ہوئے بتایا کہ اس لسٹ کو اَپ ڈیٹ کرکے دوبارہ جاری کیا جاسکتا ہے۔ بی جے پی کے ذریعہ صبح میں جاری کی گئی امیدواروں کے ناموں کی اس فہرست میں پہلے مرحلہ کے لیے 15، دوسرے کے لیے 10 اور آخری مرحلے کے لیے 19 ناموں کا اعلان کیا گیا تھا۔

لسٹ میں سب سے خاص بات سابق نائب وزیراعلیٰ اور جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے سابق اسپیکر ڈاکٹر نرمل سنگھ کو ٹکٹ نہیں ملنا تھی۔ نرمل سنگھ نے 2014 میں بلاور اسمبلی سیٹ سے فتح حاصل کی تھی۔ حالانکہ قیاس کیا جا رہا ہے کہ سابق نائب وزیراعلیٰ کویندر گپتا کا نام اگلی لسٹ میں شامل کیا جاسکتا ہے۔ لسٹ میں ریاستی بی جے پی  صدر رویندر رینا کا نام بھی نہیں تھا۔ وہیں مرکزی وزیر جتندر سنگھ کے بھائی دینودر رانا  کو پارٹی نے ناگوٹا سے امیدوار بنایا تھا۔ واضح ہو کہ رانا نیشنل کانفرنس چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہوئے ہیں۔


واضح ہو کہ جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کے سلسلے میں اتوار کو نئی دہلی میں بی جے پی مرکزی انتخابی کمیٹی کی میٹنگ ہوئی تھی جس میں وزیراعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امت شاہ اور بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا سمیت کئی سینئر رہنماؤں نے شرکت کی ۔ مٹنگ میں انتخابی حکمت عملی، امیدواروں کے نام اور ریاست میں وزیراعظم کی ممکنہ ریلیوں پر بات چیت ہوئی تھی۔ میٹنگ کے بعد سے ہی قیاس لگائے جا رہے تھے کہ بی جے پی پیر کو امیدواروں کے ناموں کا اعلان کر سکتی ہے۔ جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابت کے تحت 18 ستمبر، 25 ستمبر اور یکم اکتوبر کو ووٹنگ ہونی ہے۔ پہلے مرحلے میں 24، دوسرے میں 26 اور تیسرے مرحلے میں 40 سیٹوں پر ووٹنگ ہوگی جس کے نتائج 4 اکتوبر کو سامنے آئیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔