بی جے پی نے عبور کیں گھپلے بازی کی ساری حدیں، تاریخ معاف نہیں کرے گی: اکھلیش

اکھلیش یادو نے کہا کہ دوسروں کو ذات پات کا حامی بتانے والی بی جے پی کی یہ سچائی ہے کہ ایم ایل سی الیکشن کی 36 سیٹوں میں سے کل 18 پر وزیر اعلی کے ہم ذات جیتے ہیں۔

اکھلیش یادو، تصویر یو ین آئی
اکھلیش یادو، تصویر یو ین آئی
user

قومی آواز بیورو

لکھنؤ: سماج وادی پارٹی (ایس پی) صدر اکھلیش یادو نے کہا کہ ایم ایل سی انتخابات میں بی جے پی نے منمانی اور گھپلے بازی کی سبھی حدیں عبور کردی ہیں۔ بی جے پی نے جمہوریت کو کچلنے کا کام کیا ہے اس کے لئے بی جے کو تاریخ کبھی معاف نہیں کرے گی۔

اکھلیش یادو نے گزشتہ روز جاری بیان میں کہا کہ دوسروں کو ذات پات کا حامی بتانے والی بی جے پی کی یہ سچائی ہے کہ ایم ایل سی الیکشن کی 36سیٹوں میں سے کل 18 پر وزیر اعلی کے ہم ذات جیتے ہیں۔ ایس سی۔ ایس ٹی، او بی سی کو درکنار کر کے یہ کیسا سب کا ساتھ، سب کا وکاس ہے۔ سماجی انصاف کو جمہوریت کے ذریعہ مضبوط کرنے کی لڑائی سماج وادی لڑے رہیں گے۔


انہوں نے کہا کہ بی جے پی کو آئین، جمہوریت اور غیر جانبدارانہ انتخابات کی کارروائی میں ذرا بھی یقین نہیں ہے۔ وہ پیسے کی طاقت اور دھوکہ دھڑی سے اقتدار میں بنے رہنے کے لئے آئینی اداروں کو کمزور کرنے کے ساتھ ہی جمہوریت کی سبھی اقدار کو بھی تار تار کرنے میں لگی ہے۔ پنچایت انتخابات کے بعد، عام اسمبلی انتخابات۔2022 اور اب ایم ایل سی انتخابات میں بی جے پی نے جمہوری اقدار کو کچلنے کا ہی کام کیا ہے۔

سماج وادی پارٹی نے پہلے ہی بی جے پی کی سازشوں کے بارے میں چیف الیکشن کمیشنر کو خط لکھ کر آگاہ کیا تھا کہ بی جے پی ایم ایل سی انتخابات جیتنے کے لئے کسی بھی حد تک جاسکتی ہے۔ یہ جمہوریت اور آئین دونوں کے لئے تغیر پذیر مرحلہ ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔