مدھیہ پردیش اور مرکز کی بی جے پی حکومت خاتون، نوجوان اور کسان مخالف: جیتو پٹواری
مدھیہ پردیش کانگریس کے جیتو پٹواری نے کہا ہے کہ بی جے پی حکومت خواتین، نوجوانوں اور کسانوں کی مخالف ہے۔ انہوں نے لوک سبھا انتخابات میں عوام کو بی جے پی کے خلاف ووٹ دینے کی ترغیب دی ہے
بھوپال: مدھیہ پردیش میں لوک سبھا انتخابات کی مہم زور پکڑ رہی ہے۔ کانگریس قائدین کی موجودگی میں شہڈول پارلیمانی حلقہ کے امیدوار پھندے لال مارکو اور منڈلا کے امیدوار اومکار سنگھ مرکام نے اپنے کاغذات نامزدگی داخل کئے۔ اس موقع پر کانگریس لیڈروں نے کہا کہ ریاستی اور مرکزی حکومتیں نوجوانوں، کسانوں، قبائلیوں اور خواتین مخالف ہیں۔
ریاستی کانگریس کے صدر جیتو پٹواری، قائد حزب اختلاف امنگ سنگھار اور سابق مرکزی وزیر ارون یادو نے کانگریس امیدواروں کی نامزدگی ریلیوں میں شرکت کر کے پارٹی کی طاقت کا مظاہرہ اور یکجہتی کا اظہار کیا۔
اس موقع پر پارٹی کے ریاستی صدر پٹواری نے کہا، "مودی نے 2014 میں کہا تھا ’بہت ہوئی مہنگائی کی مار، اب کی بار مودی سرکار ‘ لیکن آج مہنگائی 10 گنا بڑھ گئی ہے، دو کروڑ نوکریوں کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن آج ہر گھر میں بے روزگاری پھیل چکی ہے۔ مدھیہ پردیش میں قبائلی طبقے کے خلاف مظالم اپنے عروج پر ہیں۔ خواتین محفوظ نہیں ہیں لیکن حکومت کو کوئی فکر نہیں ہے۔‘‘
یہ بھی پڑھیں : کیجریوال کی ریمانڈ ختم، عدالتی پیشی آج؛ دہلی میں سیکورٹی سخت
ان کا مزید کہنا تھا کہ عوام اس ناانصافی کا بدلہ لینے کے لیے تیار ہے۔ اپنے وعدوں کو پورا کرنے اور عوام کو فائدہ پہنچانے کے بجائے مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ بدعنوانی، قرض اور جرائم کے ایجنڈے سے باہر نہیں آ پا رہے ہیں، اس لیے انہیں اسمبلی انتخابات کی ضمانت یاد دلانے کے لیے ضروری ہے کہ بی جے پی کو لوک سبھا الیکشن میں سبق سکھایا جائے!
سابق مرکزی وزیر ارون یادو نے کہا، ’’مدھیہ پردیش اور مرکز کی نوجوان مخالف حکومت نے منڈلا خطہ کے نوجوانوں کو سرکاری نوکریاں نہیں دی ہیں۔ یہ بی جے پی حکومت نوجوانوں، خواتین، قبائلی اور کسان مخالف حکومت ہے۔ ہم سب کو اسے لوک سبھا انتخابات میں اکھاڑ پھینکنے کا عزم کرنا ہوگا۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔