بی جے پی حکومت خواتین کھلاڑیوں کی آواز جوتے تلے دبا رہی ہے: پرینکا گاندھی
کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے مودی حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بی جے پی حکومت کا غرور اتنا بڑھ گیا ہے کہ وہ خواتین کھلاڑیوں کی آواز کو اپنے جوتوں تلے دبا رہی ہے۔
نئی دہلی: کانگریس اور دیگر اپوزیشن جماعتوں نے اتوار کو جنتر منتر پر احتجاج کرنے والی خواتین پہلوانوں کے خلاف پولیس کارروائی کی مذمت کی۔ پولیس نے خواتین پہلوانوں کو اس وقت سڑک پر گھسیٹا جب وہ جنتر منتر سے نئے پارلیمنٹ ہاؤس کی طرف مارچ کرنے کی کوشش کر رہی تھیں اور جب انہیں روکا گیا تو وہ سڑک پر ہی دھرنے پر بیٹھ گئیں۔ کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے مودی حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بی جے پی حکومت کا غرور اتنا بڑھ گیا ہے کہ وہ خواتین کھلاڑیوں کی آواز کو اپنے جوتوں تلے دبا رہی ہے۔
پرینکا گاندھی نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ٹوئٹ کیا اور لکھا، "کھلاڑیوں کے سینے پر لگے تمغے ہمارے ملک کا فخر ہیں، ان تمغوں سے کھلاڑیوں کی محنت سے ملک کا وقار بڑھتا ہے۔ لیکن بی جے پی حکومت کا گھمنڈ اتنا بڑھ گیا ہے کہ حکومت بے رحمی سے ہماری خواتین کھلاڑیوں کی آواز کو بوٹوں تلے روند رہی ہے، یہ بالکل غلط ہے، پورا ملک حکومت کے تکبر اور ناانصافی کو دیکھ رہا ہے۔"
پرینکا گاندھی نے پہلوان ساکشی ملک اور ونیش پھوگاٹ کی جنتر منتر پر پولیس کے ساتھ ہوئی جھڑپ کی تصاویر بھی شیئر کیں۔ دریں اثنا، کانگریس نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے لوک تنتر 'جمہوریت' سے لفظ 'لوک' کو حذف کرکے حکومت پر طنز کسا۔ کانگریس نے ونیش پھوگاٹ اور سنگیتا پھوگاٹ کی تصویر ٹوئٹ کی جس میں پولیس نے انہیں حراست میں لینے کی کوشش کی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔