کنگنا کے بیان سے ایک مرتبہ پھر بی جے پی نے خود کو کیا علیحدہ، کہایہ ان کا ذاتی بیان ہے
بھارتیہ جنتا پارٹی نے منگل کو لوک سبھا کی رکن کنگنا رناوت کے تین زرعی قوانین کو بحال کرنے کا مطالبہ کرنے والے بیان سے خود کو الگ کر لیا۔
بھارتیہ جنتا پارٹی نے منگل کو لوک سبھا کی رکن کنگنا رناوت کے تین زرعی قوانین کو بحال کرنے کا مطالبہ کرنے والے بیان سے خود کو الگ کر لیا۔ بی جے پی کا کہنا ہے کہ انہیں پارٹی نے اس مسئلہ پر بولنے کا اختیار نہیں دیا ہے۔
بی جے پی کے ترجمان گورو بھاٹیہ نے ایک بیان میں کہا، 'مرکزی حکومت کی طرف سے واپس لیے گئے زرعی قوانین پر بی جے پی ایم پی کنگنا رناوت کا بیان سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہو رہا ہے۔ میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ یہ بیان ان کا ذاتی بیان ہے۔‘
انہوں نے کہا، 'کنگنا رناوت اس معاملے پر بی جے پی کی جانب سے کوئی بیان دینے کی مجاز نہیں ہیں اور یہ زرعی بل پر بی جے پی کے نظریے کی عکاسی نہیں کرتی ہے۔' بی جے پی کے ترجمان کا ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کنگنا نے کہا، 'یقیناً زرعی قوانین پر میرے خیالات ذاتی ہیں اور پارٹی کے موقف کی نمائندگی نہیں کرتے۔'
قبل ازیں منگل 24 ستمبر کو منڈی، ہماچل پردیش سے بی جے پی کی رکن پارلیمنٹ کنگنا رناوت نے یہ کہہ کر تنازعہ کھڑا کر دیا تھا کہ کسانوں کو خود خواہش ظاہر کرنی چاہئے کہ حکومت تین زرعی قوانین کو واپس لائے، جنہیں کسانوں کے طویل احتجاج کے بعد واپس لے لیا گیا تھا۔
ہماچل پردیش میں اپنے حلقے منڈی میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کنگنا رناوت نے کہا، 'میں جانتی ہوں کہ یہ بیان متنازعہ ہو سکتا ہے لیکن تینوں زرعی قوانین کو واپس لایا جانا چاہیے۔ کسانوں کو خود اس کا مطالبہ کرنا چاہیے۔
کنگنا نے دلیل دی کہ تینوں قانون کسانوں کے لیے فائدہ مند تھے لیکن کچھ ریاستوں میں کسان گروپوں کی مخالفت کی وجہ سے حکومت نے انہیں واپس لے لیا۔ انہوں نے کہا، 'کسان ملک کی ترقی کا ستون ہیں۔ میں ان سے اپیل کرنا چاہتی ہوں کہ وہ اپنی فلاح و بہبود کے لیے قوانین کو واپس لانے کا مطالبہ کریں۔
اپنے آفیشل ایکس ہینڈل پر کنگنا کے بیان کا ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کانگریس نے لکھا، 'کسانوں پر لگائے گئے 3 کالے قوانین کو واپس لایا جانا چاہیے۔ بی جے پی کی رکن پارلیمنٹ کنگنا رناوت نے یہ بات کہی۔ ملک کے 750 سے زیادہ کسان شہید ہوئے، تبھی مودی سرکار کی نیندیں اڑ گئیں اور یہ کالے قوانین واپس لیے گئے۔‘
کانگریس نے کہا، 'اب بی جے پی رکن پارلیمنٹ پھر سے ان قوانین کو واپس لانے کا منصوبہ بنا رہی ہیں۔ کانگریس کسانوں کے ساتھ ہے۔ ان کالے قوانین کی واپسی کبھی نہیں ہوگی، چاہے نریندر مودی اور ان کے ارکان پارلیمنٹ کتنی ہی کوشش کریں۔‘
یہ پہلا موقع نہیں ہے جب اداکار سے سیاستدان بنی کنگنا رناوت نے کسانوں کے احتجاج پر اپنے بیانات سے تنازعہ کھڑاکیا ہو ۔ وہ اگست میں اپنے متنازعہ تبصرے پر مشکل میں پڑ گئی تھیں جس میں انہوں نے کسان اور ان کے احتجاج سے متعلق کافی متنازعہ بیان دئے تھے۔بی جے پی نے اس وقت بھی کنگنا کی سرزنش کی تھی اور ان کے بیان سے خود کو الگ کرتے ہوئے کہا تھا کہ پارٹی کی پالیسی پر بیان دینے کی انہیں اجازت نہیں ہے۔ پارٹی نے آئندہ ایسا بیان نہ دینے کی انہیں ہدایت دی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔