جموں وکشمیر: پولنگ کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے بی جے پی امیدوار کی موت
بی جے پی امیدوار کی موت واقع ہوجانے کے بعد رام بن میونسپلٹی کے حلقہ نمبر 2 پر پولنگ کا عمل منسوخ کر دیا گیا۔
جموں: جموں وکشمیر کے ضلع رام بن میں بدھ کی صبح ریاست میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کی پولنگ کے دوران بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کا ایک امیدوار دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہوگیا۔ مہلوک بی جے پی امیدوار کی شناخت 62 سالہ آزاد سنگھ راجو ولد اننت سنگھ ساکنہ رام بن کے بطور کی گئی ہے۔ وہ رام بن میونسپلٹی کے حلقہ نمبر 2 کے لئے بی جے پی کی طرف سے میدان میں تھا۔
بی جے پی امیدوار کی موت واقع ہوجانے کے بعد مذکورہ حلقہ میں پولنگ منسوخ کردی گئی۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ رام بن میونسپلٹی کے حلقہ نمبر 2 سے بی جے پی امیدوار آزاد سنگھ کو بدھ کی صبح قریب 6 بجکر 40 منٹ پر بڈی یاری میں قائم پولنگ مرکز پر دل کا شدید دورہ پڑا۔ اگرچہ آزاد سنگھ کو فوری طور پر نذدیکی طبی مرکز لے جایا گیا لیکن انہیں وہاں ڈاکٹروں نے مردہ قرار دے دیا۔
انتخابی کمیشن کے ایک اہلکار نے بتایا ’ابھی آزاد سنگھ نے اپنا ووٹ نہیں ڈالا تھا کہ وہ دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہو گئے‘۔ انہوں نے بتایا ’آزاد سنگھ جو بی جے پی کے امیدوار تھے، کی موت واقع ہوجانے کی وجہ سے حلقہ میں پولنگ کا عمل روک دیا گیا۔ اس حلقہ پر پولنگ کے لئے اب نیا نوٹیفکیشن جاری ہوگا‘۔
ذرائع نے بتایا کہ 62 سالہ آزاد سنگھ ریاستی محکمہ اریگیشن و فلڈ کنٹرول کے سابق ملازم تھے۔ انہوں نے ریٹائرمنٹ کے بعد بی جے پی میں شمولیت اختیار کی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔