محبوبہ مفتی کی طرح نتیش کو بھی دغا دے گی بی جے پی!

گجرات کے وڈودرا میں کانگریس لیڈر شکتی سنگھ گوہل نے کہا کہ جموں و کشمیر میں جس طرح سے بی جے پی نے محبوبہ حکومت کو گرا دیا، اس بات کا اندیشہ بڑھ جاتا ہے کہ بہار میں نتیش کے ساتھ بھی ایسا ہو۔

بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور نائب وزیر اعلیٰ سشیل مودی
بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور نائب وزیر اعلیٰ سشیل مودی
user

قومی آواز بیورو

جموں و کشمیر میں حکومت گرانے کے بعد اب اس بات کی ہلچل تیز ہو گئی ہے کہ بی جے پی بہار میں بھی جنتا دل یو سربراہ اور ریاست کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی حکومت گرا دے گی! اس بات کا دعویٰ بہار کے کانگریس ترجمان شکتی سنگھ گوہل نے کیا ہے۔ گجرات کے وڈودرا میں شکتی سنگھ گوہل نے کہا کہ جموں و کشمیر میں جس انداز سے بی جے پی نے پی ڈی پی سے حمایت واپس لے کر محبوبہ حکومت کو گرا دیا، ایسے میں اس بات سے انکار نہیں کیا جا سکتا کہ بہار میں بھی بی جے پی ایسا نہیں کرے گی۔

شکتی سنگھ گوہل کے بیان کو سنجیدگی سے اس لیے لیا جا رہا ہے کیونکہ جنتا دل یو کا بی جے پی سے لوک سبھا سیٹوں اور بہار کو خصوصی ریاست کا درجہ دیے جانے کے مطالبہ کو لے کر رسہ کشی چل رہی ہے۔ نتیش کمار اس بات پر بضد ہیں کہ مرکز کی مودی حکومتبہار کو خصوصی ریاست کا درجہ دے، لیکن مودی حکومت نتیش کمار کے مطالبہ کو سنجیدگی سے نہیں لے رہی ہے۔ یہی نہیں، دونوں ہی پارٹیوں کے درمیان آئندہ لوک سبھا انتخابات کے مدنظر بہار کی لوک سبھا سیٹوں کی تقسیم کو لے کر بھی رسہ کشی چل رہی ہے۔

ابھی کچھ دن قبل جنتا دل یو نے بہار لوک سبھا کی 40 سیٹوں میں سے خود کو کم از کم 25 سیٹیں دیے جانے کا مطالبہ کیا تھا۔ ساتھ ہی یہ بھی کہا تھا کہ لوک سبھا انتخابات میں نتیش کمار ہی چہرہ ہوں گے۔ دونوں ہی پارٹیاں انتخابات سے قبل اپنی اپنی پالیسی بنا رہی ہیں۔ ایسے میں اگر بی جے پی نے بہار میں جنتا دل یو سے حمایت واپس لینے کا فیصلہ کر لیا تو کوئی حیرانی نہیں ہوگی۔ ایسا بھی کہا جا رہا ہے کہ موقع کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے نتیش کمار بہار کو خصوصی ریاست کا درجہ دیے جانے کو ایشو بنا کر حکومت کو چھوڑ بھی سکتے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔