شتروگھن کے ممتا کی ریلی میں شامل ہونے پر بوکھلائی بی جے پی، دی کارروائی کی دھمکی

بی جے پی نے مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی کی ریلی کو ’سیاسی موقع پرستی‘ بتایا اور اسٹیج پر پارٹی کے رکن پارلیمنٹ شتروگھن سنہا کی موجودگی کا نوٹس لیتے ہوئے ان کے خلاف کارروائی کی دھمکی دی ہے۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: بی جے پی نے ترنمول کانگریس اور مغربی بنگال کی وزیراعلی ممتا بنرجی کی ریلی کو ’سیاسی موقع پرستی‘ بتایا اور اسٹیج پر پارٹی کے رکن پارلیمنٹ شتروگھن سنہا کی موجودگی کا نوٹس لیتے ہوئے ان کے خلاف کارروائی کی دھمکی دے ڈالی ہے۔

کولکاتہ کے برگیڈ میدان میں منعقد یہ ریلی ایک طرح سے ملک کی سیاست میں غیر این ڈی اے پارٹیوں کی طرف سے طاقت کا مظاہر ہے۔ ریلی میں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے شردپوار، نیشنل کانفرنس کے فاروق عبداللہ اور عمرعبداللہ، سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو، عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروندکیجریوال، کانگریس کے ملکارجن کھڑگے اور ابھیشیک منو سنگھوی، جنتا دل (ایس) کے لیڈراور سابق وزیراعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا اور کماراسوامی، تیلگودیشم پارٹی کے سربراہ این چندرا بابو نائیڈو، بی جے پی کے سابق ارکان پارلیمان ارون شوری اور یشونت سنہا اور راشٹریہ جنتا دل کے تیجسوی یادو، راشٹریہ لوک دل کے جینت چودھری، ڈی ایم کے کے لیڈر ایم کے اسٹالن اور لوک تانترک جنتادل کے شرد یادو موجود تھے۔

بی جے پی کےترجمان راجیو پرتاپ روڈی نے صحافیوں سے کہا ’’یہ سبھی پارٹیاں صرف ایک شخص (وزیراعظم مودی) کے خلاف اپنے ذاتی مفادات کی وجہ سے متحد ہوئے ہیں لیکن، عوام سمجھدار ہیں اور ان کے فریب میں نہیں آئیں گے۔‘‘ بہار کے پٹنہ صاحب سے رکن پارلیمان شتروگھن سنہا کے خلاف کارروائی کے اشارے دیتے ہوئے بی جے پی ترجمان نے کہا کہ پارٹی نے اس کا نوٹس لیا ہے اور جلد ہی مناسب قدم اٹھائے جائیں گے۔

روڈی نے کہا کہ ’’وہ وہپ پر ہروقت عمل کرتے ہیں تاکہ ان کی پارٹی کی رکنیت برقرار رہے۔ وہپ جاری ہونے پر وہ ہم سے پہلے جا کر اپنی سیٹ پر بیٹھ جاتے ہیں۔ لیکن، ساتھ ہی وہ اتنے موقع پرست ہیں کہ انہیں اسٹیج پر چڑھنے اور اجلاس میں موجود رہنے کی بھی چاہت ہے۔ جس طرح کی ان کی سرگرمیاں ہیں، اب تو پارٹی نوٹس لے چکی ہے اور مجھے لگتاہے کہ پارٹی قدم اٹھائیگی۔‘‘ انہوں نے الزام لگایا کہ کچھ لوگ ارکان پارلیمنٹ کو ملنے والی سہولیات لینے کے لیے صرف بی جے پی کا ٹھپا لگاکر گھومنا چاہتے ہیں۔

اس سے قبل کولکاتا میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے شتروگھن سنہا نے یہ واضح کردیا کہ انہیں پارٹی سے نکالے جانے کا کوئی ڈر نہیں ہے ۔انہوں نے کہا، ’’اگر سچ بولنا بغاوت ہے تومیں باغی ہوں۔ میں ملک کے لوگوں کے تئیں جوابدہ ہوں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ وہ صرف پارٹی کو ’آئینہ دکھانے کی کوشش‘ میں ریلی میں شریک ہوئے ہیں۔ یاد رہے کہ شتروگھن سنہا اٹل بہاری واجپئی حکومت میں وزیر صحت رہ چکے ہیں۔

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔