ریزرویشن معاملہ: بی جے پی-آر ایس ایس کا خواب کبھی پورا نہیں ہونے دیں گے... راہل گاندھی
بی جے پی-آر ایس ایس لگاتار آئینی اداروں کو نقصان پہنچا رہی ہیں۔ اب اس نے درج فہرست ذات و قبائل کے لوگوں کو ملنے والے ریزرویشن کے آئینی حق کو ختم کرنے کے لیے کام کرنا شروع کر دیا ہے۔
نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ اتراکھنڈ حکومت نے درج فہرست ذات و قبائل(ایس سی ایس ٹی) کے ریزرویشن کے حوالہ سے جو بیان دیا ہے اس سے صاف ہو گیا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) ریزرویشن کو ختم کرنا چاہتی ہے لیکن کانگریس اس خواب کو کبھی پورا نہیں ہونے دے گی۔
راہل گاندھی نے پارلیمنٹ کی عمارت کے احاطے میں پیر کو کہا کہ بی جے پی اور راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس آئینی اداروں کولگاتار نقصان پہنچا رہے ہیں۔ اب انہوں نے درج فہرست ذات و قبائل کے لوگوں کو ملنے والے ریزرویشن کے آئینی حق کو ختم کرنے کا کام شروع کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اس طبقہ کے مفادات کی حفاظت کرے گی اور ان کو ملنے والے ریزرویشن کو ختم نہیں ہونے دے گی۔
راہل گاندھی نے کہا کہ مودی حکومت لوگوں کی آزادی کو ختم کر رہی ہے۔ پارلیمنٹ میں کسی کو بولنے نہیں دیا جاتا ہے۔ خود ان کو پارلیمنٹ میں بولنے سے روک کر ان کے ایک چنے ہوئے نمائندے کے حق کو چھینا گیا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ دلت، قبائلی اور دیگر پسماندہ طبقات کو ریزرویشن دینا وزیر اعظم نریندر مودی، آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت کو چبھتا ہے اور وہ کسی بھی طرح سے ریزرویشن ختم کرنا چاہتے ہیں، لیکن ان کو ایسا نہیں کرنے دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اتراکھنڈ ہائی کورٹ میں حکومت نے کہا ہے کہ ریزرویشن کسی کا حق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مکل روہتگی اور پی نرسمہن نے حکومت کی طرف سے کہا ہے کہ پروموشن میں ریزرویشن بنیادی حق نہیں ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔