بی جے پی اور آر ایس ایس ہندوستانی آئین کے بنیادی ڈھانچے کو تباہ کر رہے ہیں: مکل واسنک

مکل واسنک نے کہا کہ راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کی حمایت یافتہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت نے ان اصولوں کو خطرے میں ڈال دیا ہے کیونکہ پارٹی جمہوریت پر یقین نہیں رکھتی ہے۔

مکل واسنک، تصویر آئی اے این ایس
مکل واسنک، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

گڑھ چرولی: کانگریس کے جنرل سکریٹری مکل واسنک نے جمعرات کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) پر ہندوستانی آئین کے بنیادی ڈھانچے کو تباہ کرنے اور بنیادی آزادیوں کے بارے میں لوگوں کے ذہنوں میں خوف پیدا کرنے کا الزام لگایا۔

مہاراشٹر کے گڑھ چرولی کے مہاراجہ لان میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے مکل واسنک نے کہا کہ "ہمارے مجاہدین آزادی نے ہمارے آئین اور مکمل آزادی کو برقرار رکھنے کے لیے ملک کے اتحاد، مساوات اور بھائی چارے کا تصور پیش کیا تھا۔" انہوں نے کہا کہ راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کی حمایت یافتہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت نے ان اصولوں کو خطرے میں ڈال دیا ہے کیونکہ پارٹی جمہوریت پر یقین نہیں رکھتی ہے۔


مکل واسنک نے کہا کہ لوگوں کے ذہنوں میں یہ خوف ہے کہ ملک کی یکجہتی اور سالمیت خطرے میں ہے۔ اس خوف کو ان کے ذہن سے نکالنے کے لیے کانگریس نے راہل گاندھی کی قیادت میں 'بھارت جوڑو یاترا' نکالی۔ رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ ملک کے آئین پر یقین رکھنے والوں کے ذہنوں میں دوبارہ اعتماد پیدا کرنے کے لیے راہل گاندھی نے خوف کے احساس کو دور کرنے کے لیے کنیا کماری سے کشمیر تک 'بھارت جوڑو یاترا' شروع کی ہے۔

سابق مرکزی وزیر مکل واسنک نے کہا کہ راہل گاندھی نہ صرف کانگریس بلکہ پورے ملک کے لوگوں کے ذہنوں میں آئین اور قومی اتحاد میں ایک نیا اعتماد پیدا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مہاراشٹر میں یاترا ناندیڑ سے شروع ہوگی اور 12 سے 20 نومبر کے درمیان ریاست سے گزرے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔