بی جے پی اور عآپ حکومتوں نے دہلی کو ’بدحالی میں نمبر وَن‘ بنا دیا: چودھری انل

دہلی کانگریس صدر چودھری انل کمار نے کہا کہ ’’راجدھانی دہلی میں گزشتہ 7 سالوں میں کچھ نہیں بدلا، اگر بدلا ہے تو کیجریوال کی سوچ بدلی، ان کا کردار بدلا، رویہ بدلا، کام بدلا اور ان کا طریقہ کار بدلا۔‘‘

دہلی کانگریس صدر چودھری انل، سینئر لیڈر سلمان خورشید و دیگر کا استقبال
دہلی کانگریس صدر چودھری انل، سینئر لیڈر سلمان خورشید و دیگر کا استقبال
user

قومی آواز بیورو

’’اقلیتی طبقہ کی بڑی آبادی والے اوکھلا اسمبلی حلقہ کے جذباتی لوگوں نے عام آدمی پارٹی کی جھولی میں کارپوریشن سمیت اسمبلی کی سیٹ بھی ڈال دی، لیکن عام آدمی پارٹی کے مکھیا اروند کیجریوال کی موقع پرستی والی سوچ کے سبب ان کے منتخب نمائندوں نے اوکھلا کے لوگوں کو دھوکہ دیا ہے۔‘‘ یہ بیان دہلی کانگریس کے صدر چودھری انل کمار نے 17 دسمبر کو اوکھلا اسمبلی حلقہ کے شاہین باغ و دیگر علاقوں میں نکالی گئی عوامی بیداری مہم کے دوران دیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’اوکھلا کی پیچیدہ گلیوں میں ہر جگہ گندگی کے ڈھیر لگے ہیں، بھری ہوئی نالیاں ہیں، سیور سے پانی نکل رہا ہے اور سڑکیں ٹوٹی پڑی ہیں۔ اس کے لیے بی جے پی حکمراں کارپوریشن اور کیجریوال حکومت ذمہ دار ہے۔‘‘ چودھری انل کمار نے مزید کہا کہ ’’گزشتہ 7 سالوں میں دہلی کی کیجریوال حکومت اور 15 سالوں میں کارپوریشن کی بی جے پی حکومت نے دہلی کے غریبوں، مزدوروں، نچلے طبقہ کے لوگوں کو گمراہ کرنے کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔ اور اب کیجریوال دہلی چھوڑ کر انتخابی مقاصد کی حصولیابی کے لیے پنجاب، اتراکھنڈ، گوا، اتر پردیش میں لوگوں کو گمراہ کر رہے ہیں، عجیب عجیب اعلانات کر رہے ہیں۔ ان کے اعلانات کی کوئی حقیقت نہیں ہے کیونکہ انھیں نافذ کرنے کے بارے میں کیجریوال کچھ نہیں سوچتے۔‘‘

تصویر بذریعہ پریس ریلیز
تصویر بذریعہ پریس ریلیز

دہلی پردیش کانگریس کمیٹی صدر چودھری انل کمار کی قیادت میں آج پٹپڑ گنج ضلع کے اوکھلا اسمبلی حلقہ میں الحبیب مسجد، 40 فٹا روڈ، شاہین باغ، اوکھلا سے عوامی بیداری مہم نکالی گئی۔ اس میں عآپ اور بی جے پی کی حکومت کے ذریعہ راجدھانی میں بدعنوانی پر مبنی بدانتظامی میں عوام مخالف پالیسیاں تھوپے جانے کا تذکرہ کیا گیا۔ لوگوں کی زندگی بدحال بنانے کے لیے ذمہ دار دونوں حکومتوں کے خلاف یہ ایک طرح سے ’پول کھول یاترا‘ بھی تھی۔ اس میں ہزاروں کانگریس کارکنان ہاتھوں میں پارٹی کے جھنڈے لے کر بی جے پی اور عآپ مخالف نعرے لگا رہے تھے۔ مہنگائی اور سہولتوں کی کمی سے اوکھلا کی بدحالی اور اس سے متاثر خواتین کی بھی بڑی تعداد اس یاترا میں شامل ہوئی۔


اس موقع پر چودھری انل کمار نے کہا کہ 2013 کے بعد اقتدار میں آنے والے اروند کیجریوال جن لوک پال، روزگار دینے، بدعنوانی سے پاک حکومت اور ترقی کی بات کرتے تھے، لیکن راجدھانی میں گزشتہ سات سالوں میں کچھ نہیں بدلا۔ اگر بدلا ہے تو کیجریوال کی سوچ بدلی، ان کا کردار بدلا، رویہ بدلا، کام بدلا اور ان کا طریقہ کار بدلا۔ چودھری انل نے کہا کہ کیجریوال کے طریقہ کار کی وجہ سے ہی راجدھانی مہنگائی، آلودگی، گندگی، جھوٹی تشہیر، خواتین کے استحصال، اقلیتوں پر مظالم، کووڈ انفیکشن، کووڈ اموات میں راجدھانی نمبر وَن بن گئی۔ دہلی والوں کو سنہرے خواب دکھانے کے بعد کیجریوال نے انھیں دھوکہ دیا ہے، اور اب اتراکھنڈ، پنجاب، گوا، اتر پردیش کے لوگوں کے ساتھ بھی وہی کھیل کھیل رہے ہیں۔

تصویر بذریعہ پریس ریلیز
تصویر بذریعہ پریس ریلیز

واضح رہے کہ دہلی کانگریس 70 اسمبلی حلقوں کے 272 وارڈوں میں 700 کلومیٹر کی عوامی بیداری مہم کے تحت پیدل یاترا نکال رہی ہے جس میں کانگریس کے نظریات اور پالیسیوں کو عوام تک پہنچایا جائے گا۔ آج چلائی گئی عوامی بیداری مہم میں دہلی کانگریس صدر چودھری انل کمار کے علاوہ سابق مرکزی وزیر قانون سلمان خورشید، امرتا دھون، شیش پال، علی مہندی، پرویز عالم، دنیش کمار ایڈووکیٹ، مہندر منگلا، عبدالحنان، دھیرج بسویا، انل متر سمیت ہزاروں کی تعداد میں کانگریس کارکنان شامل ہوئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔