دہلی-این سی آر میں کڑاکے کی سردی، شمالی ہندوستان میں دھند کا راج، کشمیر اور ہماچل میں برفباری

ملک کی شمالی ریاستوں میں کڑاکے کی سردی جاری ہے۔ دہلی میں جمعہ (29 دسمبر) کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 20 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا

دھند کی چادر میں لپٹی راجدھانی دہلی / Getty Images
دھند کی چادر میں لپٹی راجدھانی دہلی / Getty Images
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: ملک کی شمالی ریاستوں میں کڑاکے کی سردی جاری ہے۔ دہلی میں جمعہ (29 دسمبر) کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 20 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ رات کے وقت درجہ حرارت میں گراوٹ درج کی گئی۔ محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے پیش گوئی کی ہے کہ 30 دسمبر کو بھی موسم کم و بیش ایسا ہی رہے گا۔ قومی راجدھانی دہلی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 18 ڈگری سیلسیس، جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 9 ڈگری سیلسیس رہ سکتا ہے۔ دن کے وقت میں لوگوں کو زیادہ راحت نہیں ملے گی کیونکہ دھوپ بھی زیادہ نہیں رہے گی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند دنوں تک لوگوں کو کڑاکے کی سردی کا سامنا رہے گا۔ لوگوں کو دھند سے بھی دو چار رہنا ہوگا، کیونکہ فضا میں بادلوں اور دھند کی چادر بن گئی ہے، جو سورت کی روشنی میں رخنہ ڈال رہی ہے۔ دھند کی وجہ سے حد نگاہ بھی کم ہو رہی ہے۔ لگاتار پھیل رہی دھند کے سبب لوگوں کو سفر کرنے میں بھی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔


آئی ایم ڈی نے اگلے دو دنوں تک کہرے کے حوالے سے یلو الرٹ جاری کیا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ لوگوں کو ویک اینڈ پر شدید دھند کا سامنا کرنا پڑے گا۔ محکمہ نے یہ بھی کہا ہے کہ دہلی-این سی آر کے لیے دو دن کے لیے کولڈ ڈے الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ اس دوران کم سے کم درجہ حرارت 4.5 یا اس سے کچھ زیادہ ہوسکتا ہے جب کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 10 ڈگری کے آس پاس رہنے والا ہے۔ زیادہ سے زیادہ اور کم سے کم درجہ حرارت کے درمیان کم ہونے والا فرق ظاہر کرتا ہے کہ شدید سردی کا آغاز ہو چکا ہے۔

دہلی میں ہفتہ کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 18 ڈگری اور کم سے کم درجہ حرارت 9 ڈگری سیلسیس رہے گا۔ نوئیڈا میں بھی اسی طرح کا درجہ حرارت برقرار رہنے والا ہے۔ غازی آباد اور گروگرام میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت بالترتیب 20 اور 18 ڈگری رہنے جا رہا ہے، جب کہ کم سے کم درجہ حرارت 8 ڈگری سیلسیس تک جا سکتا ہے۔ فرید آباد سمیت دہلی این سی آر کے دیگر علاقوں کا درجہ حرارت بھی ایسا ہی رہے گا۔ دہلی-این سی آر کے لوگوں کو بھی خراب ہوا کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

آئی ایم ڈی نے اپنے موسمی بلیٹن میں کہا ہے کہ 30 اور 31 دسمبر کو پنجاب، ہریانہ-چنڈی گڑھ میں شدید سردی پڑنے والی ہے۔ مجموعی طور پر شمالی ہندوستان کی ریاستوں میں موسم بہت سرد رہنے والا ہے۔ گھنی دھند کے ساتھ ٹھنڈی ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔


اتر پردیش کے کئی علاقوں کو بھی شدید سردی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ یوپی کے بیشتر حصوں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 20 ڈگری کے آس پاس رہے گا جب کہ کم سے کم درجہ حرارت 8 ڈگری سیلسیس تک جا سکتا ہے۔ درجہ حرارت گرنے سے دریاؤں سے ملحقہ علاقوں میں مزید سردی محسوس ہوگی۔

پنجاب میں کم سے کم درجہ حرارت 18 ڈگری سینٹی گریڈ اور زیادہ سے زیادہ 8 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہے گا۔ کچھ حصوں میں درجہ حرارت اس سے زیادہ گرے گا۔ پنجاب کے شمالی علاقوں میں دیگر مقامات کی نسبت کم سے کم درجہ حرارت میں زیادہ کمی ہوگی۔ دھند کا قہر بھی نظر آنے والا ہے۔

بہار کی بات کریں تو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 25 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم 11 ڈگری سیلسیس رہنے والا ہے۔ راجستھان میں کم سے کم درجہ حرارت 10 ڈگری اور زیادہ سے زیادہ 23 ڈگری رہ سکتا ہے۔


جموں و کشمیر، لداخ، ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ کے اونچائی والے علاقوں میں برف باری یا بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ آئی ایم ڈی نے کہا ہے کہ ان ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں 30 اور 31 دسمبر کو برف باری ہونے والی ہے۔ سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت -3 ڈگری اور زیادہ سے زیادہ 10 ڈگری رہنے جا رہا ہے۔ شملہ میں کم سے کم درجہ حرارت 3 ڈگری تک جائے گا جبکہ زیادہ سے زیادہ 14 ڈگری تک رہے گا۔ اتراکھنڈ کے میدانی علاقوں میں کم سے کم درجہ حرارت 9 ڈگری رہنے جا رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔