گردابی طوفان ’بپرجوئے‘ تیز رفتاری کے ساتھ اتراکھنڈ کی طرف بڑھ رہا، زوردار بارش اور تیز آندھی کا الرٹ جاری
بپرجوئے نے گجرات میں پہلے ہی تیز ہواؤں اور موسلادھار بارش کے ساتھ تباہی کا منظر چھوڑ کر آگے کا راستہ اختیار کر لیا ہے، گجرات میں طوفان نے 500 سے زیادہ درختوں اور سینکڑوں کھمبوں کو اکھاڑ دیا۔
گردابی طوفان ’بپرجوئے‘ تیز رفتاری کے ساتھ اتراکھنڈ کی طرف بڑھ رہا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ طوفان کماؤں کے کئی اضلاع میں زیادہ اثر ڈال سکتا ہے، جس کی وجہ سے بارش کے ساتھ تیز آندھی چلنے کا بھی اندیشہ ہے۔ اسے دیکھتے ہوئے محکمہ موسمیات نے 18 جون تک بارش اور آندھی چلنے کا یلو الرٹ جاری کیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے پہلے ہی 16 جون کو رودرپریاگ، چمولی، اترکاشی، پتھوراگڑھ اور باگیشور میں 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ظاہر کر دیا تھا۔
محکمہ موسمیات نے تیز بارش اور ہواؤں کے امکان کو دیکھتے ہوئے یلو الرٹ جاری کر دیا ہے۔ 17 جون کو بھی طوفانی بارش کا اندیشہ ہے، جبکہ 18 جون کو ریاست کے سبھی ضلعوں میں ژالہ باری اور تیز بارش کے ساتھ 80 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آندھی چلنے کا الرٹ ہے۔ 19 جون کے لیے بھی یہی الرٹ جاری رہے گا۔
یہ بھی پڑھیں : ای وی ایم پر شبہ تو بی جے پی کو تھا! (آشیش رے کا مضمون)
اس سے قبل جمعرات کی شب اور جمعہ کی صبح تیز ہواؤں اور موسلادھار بارش کے ساتھ گردابی طوفان بپرجوئے نے گجرات میں زبردست تباہی مچائی۔ کمزور پڑنے سے پہلے اس طوفان نے معمولات زندگی کو درہم برہم کر دیا۔ کئی درختوں کو اکھاڑ دیا۔ اس درمیان 23 لوگوں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ بجلی نظام بھی بے حال ہے۔ سمندری ساحلوں پر زمین دھنسنے کا بھی واقعہ پیش آیا ہے۔ این ڈی آر ایف نے گردابی طوفان کی آمد سے پہلے 2 ہلاکتوں کی خبر بھی دی۔
گجرات کے راحتی امور کے کمشنر آلوک سنگھ نے بتایا کہ گردابی طوفان کے سبب 24 جانوروں کی موت ہوئی۔ 524 درخت گر گئے اور بجلی کے کئی کھمبوں کو نقصان پہنچا۔ اس کے نتیجہ کار 940 گاؤں میں بجلی گل ہو گئی۔ موربی ضلع میں 120-115 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چلنے اور زوردار بارش کے سبب 300 سے زیادہ بجلی کے کھمبے ٹوٹ گئے۔ اس وجہ سے 45 گاؤں میں بجلی گل ہو گئی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔