بلقیس بانو عصمت دری معاملہ: قصورواروں کی سزا معافی کے خلاف داخل عرضیوں پر سماعت 17 جولائی تک ملتوی

حکومت نے بلقیس بانو عصمت دری معاملے میں سزا کاٹ رہے سبھی قصورواروں کو گزشتہ سال سزا میں چھوٹی دی تھی، اس قدم کے خلاف بلقیس کے ساتھ ساتھ کئی سماجی کارکنان نے آواز اٹھائی تھی۔

بلقیس بانو، تصویر آئی اے این ایس
بلقیس بانو، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

سپریم کورٹ نے منگل کے روز بلقیس بانو اجتماعی عصمت دری اور 7 لوگوں کے قتل کے معاملے میں سبھی 11 قصورواروں کو دی گئی چھوٹ کے خلاف داخل عرضیوں پر سماعت 17 جولائی تک کے لیے ملتوی کر دی ہے۔ دراصل حکومت نے بلقیس بانو عصمت دری معاملے میں سزا کاٹ رہے سبھی قصورواروں کو گزشتہ سال سزا میں چھوٹی دی تھی، اور سبھی جیل سے باہر آ گئے تھے۔ حکومت کے اس قدم کے خلاف بلقیس کے ساتھ ساتھ کئی سماجی کارکنان نے آواز اٹھائی تھی اور عدالت کا رخ کیا تھا۔

بہرحال، جسٹس بی وی ناگرتنا اور جسٹس پرشانت کمار مشرا کی بنچ نے پایا کہ اس کے 9 مئی کے حکم کے مطابق جن قصورواروں کے خلاف نوٹس نہیں دیا جا سکا، ان کے خلاف گجراتی اور انگریزی سمیت مقامی اخبارات مین نوٹس شائع کیے گئے ہیں۔ اس سے قبل عدالت نے ان قصورواروں کے خلاف مقامی اخبارات میں نوٹس شائع کرنے کا حکم دیا تھا جنھیں نوٹس نہیں دیا جا سکا تھا۔ اس میں وہ شخص بھی شامل تھا جس کے گھر پر مقامی پولیس کو تالا لگا ہوا ملا تھا۔ گزشتہ سماعت میں مرکز اور گجرات حکومت نے عدالت سے کہا تھا کہ وہ کسی خصوصی اختیار کا دعویٰ نہیں کر رہی ہیں اور نہ ہی عدالت کے 27 مارچ کے حکم کے تجزیہ کے لیے کوئی عرضی داخل کر رہی ہیں۔


واضح رہے کہ عدالت نے حکومت سے قصورواروں کو دی گئی چھوٹ کے سلسلے میں اصل ریکارڈ پیش کرنے کے لیے کہا تھا۔ اس سے قبل گجرات حکومت نے بلقیس بانو کی عرضی کے علاوہ اس معاملے میں داخل دیگر عرضیوں پر اعتراض ظاہر کیا تھا۔ ریاستی حکومت نے کہا تھا کہ اس کے وسیع اثرات مرتب ہوں گے اور وقت وقت پر لوگ عدالتوں کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے۔ حالانکہ 18 اپریل کو معاملے میں ہوئی سماعت کے دوران عدالت نے 11 قصورواروں کو دی گئی چھوٹ پر گجرات حکومت سے سوال کیا تھا اور کہا تھا کہ قصورواروں کو چھوٹ دینے سے پہلے ان کے ذریعہ کیے گئے جرائم کی سنگینی پر غور کیا جانا چاہیے تھا۔

قصورواروں کی وقت سے پہلے رِہائی کی وجہ پوچھتے ہوئے سپریم کورٹ نے انھیں جیل میں بند رہنے کے دوران لگاتار دی جانے والی پیرول پر بھی سوال اٹھایا تھا۔ عدالت نے کہا تھا کہ قصورواروں کو دی جانے والی چھوٹ ان پر ایک طرح سے رحم کرنا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔