بہار کی سیاسی گرمی: نتیش کے جواب پر پرشانت کمار نے پھر کیا پلٹ وار
انتخابی حکمت عملی ساز پرشانت کشور نے ایک پریس کانفرنس کے دوران نتیش حکومت پر حملہ بولا تھا، انہوں نے کہا تھا کہ گزشتہ 15 سالوں میں بہار میں تعلیم، صحت اور روزگار کے مواقع مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں
پٹنہ: بہار کا سیاسی ماحول اس وقت گرم نظر آ رہا ہے۔ انتخابی حکمت عملی ساز پرشانت کشور وزیر اعلیٰ نتیش کمار حملہ بول رہے ہیں۔ جمعہ کے روز نتیش کمار اور پرشانت کشور کے درمیان شدید لفظی جنگ ہوئی، جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ پرشانت کشور نتیش کمار سے رشتہ توڑنے کے موڈ میں ہیں۔
دونوں لیڈران میں تنازعہ جمعرات کو اس وقت شروع ہوا تھا، جب پرشانت کشور نے نتیش کمار پر حملہ کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ گزشدتہ 15 سال کے اقتدار کے باوجود بہار سب سے غریب ریاست ہے اور یہاں تعلیم، صحت اور روزگار کے مواقع پوری طرح تباہ ہو گئے ہیں۔
پرشانت کشور کے ان الزامات کا جواب دیتے ہوئے نتیش کمار نے جمعہ کے روز جوابی وار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس بات کو اہمیت نہیں دیتے کہ کون ان کے بارے میں کیا کہتا ہے۔ نتیش نے کہا کہ وہ صرف سچ کو اہمیت دیتے ہیں اور سچ کیا ہے یہ بہار کے لوگ جانتے ہیں کہ 15 سال میں کتنا کام ہوا ہے۔
نتیش کمار کے اس جوابی حملے کے بعد ایسا لگ رہا تھا کہ پرشانت کشور کے تیور ڈھیلے ہو جائیں گے لیکن ایسا نہیں ہوا۔ نتیش کے جوابی حملے کے بعد پرشانت کشور نے ایک بار پھر ان پر حملہ اور طنز کیا۔ پرشانت کشور نے ٹوئٹ کر کے کہا کہ نتیش کمار نے ٹھیک کہا کہ اہمیت صرف سچائی کی ہے اور سچائی یہ ہے کہ لالو اور نتیش کے گزشتہ 30 سالوں سے راج کرنے کے باوجود بہار ملک کی سب سے غریب اور پسماندہ ریاست ہے۔
پرشانت کشور نے اپنے ٹوئٹ میں مزید لکھا کہ بہار کو بدلنے کے لیے ایک نئی سوچ اور کوشش کی ضرورت ہے اور یہ بہار کے لوگوں کی اجتماعی کوشش سے ہی ممکن ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ پرشانت کشور اور نتیش کمار نے کئی مواقع پر اعتراف کیا ہے کہ ان کے ذاتی تعلقات بہت بہتر ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔