بہار میں پل نہیں 18 سالوں کی بدعنوانی کے مینار گر رہے ہیں، تیجسوی یادو کا این ڈ ی اے حکومت پر شدید حملہ

تیجسوی یادو نے کہا کہ ہر روز پلوں کے گرنے کے معاملے میں این ڈی اے حکومت نے بدعنوانی اور بدترین حکمرانی کا ریکارڈ بنایا ہے۔ گزشتہ 3 ہفتوں میں اب تک 17 پل گر چکے ہیں

<div class="paragraphs"><p>تیجسوی یادو / آئی اے این ایس</p></div>

تیجسوی یادو / آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

بہار کے کئی اضلاع میں موسلادھار بارش کے درمیان ندیوں و نہروں پربنے  پل گر رہے ہیں۔ اس معاملے پر ریاست کے  اپوزیشن لیڈر  تیجسوی یادو نے ایک بار پھر ریاست کی این ڈی اے حکومت پر شدید حملہ کیا ہے۔ جمعہ (12 جولائی) کی صبح تیجسوی یادو نے حکومت پر طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ بہار میں پل نہیں بلکہ 18 سالوں کی بدعنوانی کے مینار گر رہے ہیں۔

آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے ’ایکس‘ پر پوسٹ  کرتے ہوئے کہا ہے کہ بہار میں پل نہیں بلکہ 18 سالوں کی بدعنوانی کے مینار گر رہے ہیں۔ روز آنہ پلوں کے گرنے کے معاملے میں این ڈی اے حکومت نے بدعنوانی اور بدترین حکمرانی کا ریکارڈ بنایا ہے۔ گزشتہ 3 ہفتوں میں اب تک صرف 17 پل گرے ہیں۔ پلیوں کے گرنے اور دھنسنے کا تو کوئی شمار ہی نہیں۔


تیجسوی یادو نے اپنی پوسٹ کے ساتھ پلوں کے گرنے کی تاریخ کے ساتھ تصویر اور ویڈیو بھی شیئر کی ہے۔ جس میں کہا گیا ہے کہ سہرسہ میں 10 جولائی کو پل گرا۔ 7 جولائی کو موتیہاری، 4 جولائی کو سارن، 3 جولائی کو سارن میں مزید دو جگہ، 3 جولائی کو مہاراج گنج میں تین جگہ، 30 جون کو کشن گنج، 28 جون کو مدھوبنی، 27 جون کو کشن گنج، 23 جون کو موتیہاری، 22 جون کو سیوان اور 18 جون کو ارریہ میں پل گرا۔ تیجسوی یادو نے اپنے ایک دیگر پوسٹ میں وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور بی جے پی پر حملہ کر چکے ہیں۔ پلوں کے گرنے کے بارے میں انہوں نے کہا تھا کہ 18 سال سے وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور بی جے پی کا کوئی قصور نہیں ہے، ہے نا؟ 18 سال کے اقتدار کے بعد بھی سب قصور اپوزیشن کا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔