بہار میں اس بار دو وزرائے اعلیٰ ہوں گے! سشیل مودی کو کابینہ میں ملے گی جگہ
طویل عرصہ سے نتیش کمار کے ساتھ نائب وزیر اعلی کا عہدہ سنبھال رہے سشیل مودی کو اس بار کابینہ میں جگہ دی جا رہی ہے، ان کے مقام پر تار کشور پرساد اور رینو دیوی بہار کے نائب وزارئے اعلیٰ بنائے جا سکتے ہیں
پٹنہ: بہار میں اس مرتبہ ایک نہیں بلکہ دو نائب وزرائے اعلیٰ بنائے جا سکتے ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق تارکشور پرساد کے ساتھ رینو دیوی کو بھی اس عہدہ کی ذمہ داری سونپی جا سکتی ہے۔ کٹیہار سے بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی ) کے رکن اسمبلی تارکشور پرسا کو سشیل کمار مودی کی جگہ پارٹی قانون ساز پارٹی کا لیڈر منتخب کیا گیا ہے جبکہ رینو دیوی کو نائب لیڈر بنایا گیا ہے۔ بی جے پی لیڈر تارکشور کٹیہار سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے ہیں، وہیں بی جے پی کی ہی دیوی یادو بیتیا سے رکن اسمبلی منتخب ہوئی ہیں۔
بی جے پی کے سنیئر لیڈر سشیل کمار مودی نے سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کر کے تار کشور پرساد کو بی جے پی قانون ساز پارٹی کا لیڈر منتخب کئے جانے پر مبارک باد پیش کی ہے ۔ انہوں نے ٹوئٹ کر کے کہاکہ ” تار کشور جی کو بی جے پی قانون سا ز پارٹی کا لیڈر منتخب ہونے پر بہت بہت مبارک باد “۔
سشیل مودی نے آگے ٹوئٹ میں کہاکہ ” بی جے پی اور سنگھ پریوار نے مجھے چالیس سالوںکے سیاسی سفر میں اتنا دیا کہ شاید کسی دو سرے کو نہیں ملا ہوگا۔ آئندہ بھی جو ذمہ داری ملے گی اس کو بخوبی اداکروںگا۔ کارکن کا عہدہ تو کوئی چھین نہیں سکتا “۔
بی جے پی کی جانب سے ابھی تک باضابطہ اس کا اعلان نہیں کیا گیا ہے کہ نتیش کمار کی قیادت میں بننے والی قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کی نئی حکومت میں نائب وزیر اعلیٰ کون ہوگا ۔ سشیل مودی کے ٹوئٹ سے یہ صاف ہو گیا کہ ہے ان سے نائب وزیراعلیٰ کا عہدہ چھین لیا گیا ہے۔
عام طور پر بی جے پی قانون ساز پارٹی کا لیڈر ہی اب تک نتیش حکومت میں نائب وزیر اعلیٰ رہا ہے۔ چونکہ رینو دیوی کو قانون ساز پارٹی کی نائب لیڈر منتخب کیا گیا ہے، اس لئے ان کو بھی نائب وزیر اعلیٰ کا عہدہ مل سکتا ہے۔
ادھر، این ڈی اے کی قانون ساز پارٹی کا قائد منتخب ہونے کے بعد نتیش کمار نے گورنر پھاگو چوہان سے ملاقات کر کے حکومت سازی کا دعوی پیش کر دیا۔ حلف برداری تقریب کے لئے پیر کی شام 4.30 بجے کا وقت مقرر کیا گیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 15 Nov 2020, 10:29 PM