بہار: اورنگ آباد میں پنچایت الیکشن کے دوران تشدد، فائرنگ اور بوتھ پر قبضہ کی کوشش
اورنگ آباد ضلع میں جمعہ کو پہلے مرحلہ کی پولنگ کے دوران فائرنگ کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ یہ معاملہ بسینی گاؤں کے بوتھ نمبر 144 اور 1455 کا ہے، بوتھ پر قبضہ کی کوشش کا الزام بھی عائد کیا جا رہا ہے۔
بہار واقع اورنگ آباد ضلع میں جمعہ کو پہلے مرحلہ کے پنچایت الیکشن کے دوران فائرنگ اور تشدد کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ یہ واقعہ اورنگ آباد ضلع کے بسینی گاؤں کے بوتھ نمبر 144 اور 145 کا ہے۔ الیکشن افسران نے دعویٰ کیا کہ فائرنگ بوتھوں پر قبضہ کرنے اور ایک خاص امیدوار کے حق میں فرضی ووٹنگ کرنے کے لیے کی گئی۔ فائرنگ میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔
بوتھ پر موجود سیکورٹی اہلکاروں نے حالات کو کنٹرول کرنے میں کامیابی حاصل کی۔ واقعہ کے بعد قطار میں لگے کئی ووٹرس بھاگ کھڑے ہوئے۔ حالات معمول پر لانے کے لیے ایس ڈی او اور ایس ڈی پی او فوراً گاؤں پہنچے۔
قابل ذکر ہے کہ 10 اضلاع کی 151 پنچایتوں کے لیے پہلے مرحلہ کی ووٹنگ جاری ہے۔ یہ سبھی اضلاع اورنگ آباد، روہتاس، جموئی، ارول، گیا، کیمور، نوادہ، بانکا، جہان آباد اور مونگیر جیسے نکسل متاثرہ ہیں۔ بہار انتخابی کمیشن کے ایک افسر کے مطابق ای وی ایم کا استعمال پنچایت رکن، مکھیا، پنچایت کمیٹی رکن اور ضلع پریشد رکن جیسے چار عہدوں کے لیے ووٹنگ جاری ہے۔ پنچ اور سرپنچ کی ووٹنگ کے لیے بیلٹ باکس کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ ریاستی انتخابی کمیشن نے 10 اضلاع میں پرامن ووٹنگ کے لیے سیکورٹی اہلکاروں کو تعینات کیا ہوا ہے۔ مجموعی طور پر 156 پولنگ مراکز نکسل متاثرہ علاقوں کے تحت آتے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔