ماں کی آخری خواہش پوری کرنے کے لیے بیٹی نے اسپتال میں ہی کر لی شادی، پھر ایک حادثے سے پسرا ماتم

ماں کی آخری خواہش پوری کرنے کے بعد چاندنی کمار بہت خوش نظر آ رہی تھیں، انھوں نے بتایا کہ ماں پونم کماری ورما کورونا دور سے ہی لگاتار بیمار تھیں اور امراض قلب میں بھی مبتلا تھیں۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

بہار کے گیا واقع ایک سرکاری اسپتال میں شادی کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ واقعہ گیا کے مجسٹریٹ کالونی واقع ایک پرائیویٹ اسپتال کا ہے جہاں ایک ماں زیر علاج تھی اور اس کی خواہش تھی کہ بیٹی کی شادی اس کی آنکھوں کے سامنے ہو جائے۔ حالانکہ بیٹی کی منگنی 26 دسمبر کو مقرر تھی اور پھر بعد میں شادی کی کوئی تاریخ مقرر ہوتی۔ لیکن ماں کی آخری خواہش کو پیش نظر رکھتے ہوئے بیٹی نے انتہائی سادگی کے ساتھ اسپتال میں ہی شادی کر لی جو پورے علاقے میں موضوعِ بحث بن گئی ہے۔ افسوسناک بات یہ ہے کہ شادی کے تقریباً دو گھنٹے بعد ہی اسپتال اور علاقے میں ماتم پسر گیا کیونکہ آئی سی یو میں زیر علاج ماں کا انتقال ہو گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مجسٹریٹ کالونی واقع پرائیویٹ اسپتال میں گرارو بلاک کے بالی گاؤں کے رہنے والے للن کمار کی بیوی پونم کماری ورما کا علاج چل رہا تھا۔ ان کی حالت انتہائی سنگین بتائی جا رہی تھی۔ ڈاکٹروں نے گھر والوں سے کہہ رکھا تھا کہ کسی بھی بری خبر کے لیے تیار رہیں کیونکہ صحت میں بہتری نہیں ہو رہی ہے۔

ماں کی آخری خواہش پوری کرنے کے لیے بیٹی نے اسپتال میں ہی کر لی شادی، پھر ایک حادثے سے پسرا ماتم

ایسے میں پونم نے اپنے اہل خانہ کے سامنے گزارش کی کہ ان کی آخری خواہش ہے وہ اپنی بیٹی چاندنی کا ہاتھ پیلا ہوتے ہوئے اور مانگ میں سندور بھرتے ہوئے دیکھیں۔ دراصل چاندنی کی شادی گروا تھانہ علاقہ کے سلیم پور گاؤں باشندہ ودیوت کمار کے بیٹے سمت گورو کے ساتھ طے ہو چکی تھی۔ دونوں کی منگنی کی رسم کے لیے 26 دسمبر کی تاریخ مقرر ہوئی تھی۔ جب پونم نے اپنی آخری خواہش کا اظہار کیا تو اس کی جانکاری سمت کے گھر والوں کو دی گئی۔ اس کے بعد دونوں خاندانوں نے آپسی اتفاق سے پونم کی آخری خواہش پورا کرنے کے لیے اسپتال میں ہی شادی کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

بعد ازاں اسپتال میں ہی آئی سی یو کے باہر سمت گورو اور چاندنی نے شادی کر لی۔ بتایا جاتا ہے کہ شادی میں کوئی ہنگامہ نہیں ہوا اور انتہائی سادگی کے ساتھ دولہا و دلہن نے ایک دوسرے کو ’وَر مالا‘ پہنائی اور پھر دونوں رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئے۔ اس دوران دونوں فریقین کے دو چار لوگ ہی موجود تھے۔


شادی کے بعد بیٹی چاندنی کمار بہت خوش نظر آئی اور کہا کہ وہ اپنی ماں کی آخری خواہش پورا ہوتے ہوئے دیکھ کر مسرور ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ ان کی ماں پونم کماری ورما مگدھ میڈیکل کالج اینڈ ہاسپیٹل میں اے این ایم عہدہ پر فائز تھیں اور کورونا دور سے ہی لگاتار بیمار چل رہی تھیں۔ وہ امراض قلب میں بھی مبتلا تھیں۔ انھوں نے بتایا کہ والدہ کی خواہش رکھنے کے لیے اسپتال میں شادی کی۔ حالانکہ شادی کے محض دو گھنٹے بعد ہی لڑکی کی ماں کا انتقال ہو گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔