مودی نے جرائم پیشوں کے سامنے جوڑے ہاتھ، کہا ’جرم نہ کریں‘

بہار کے نائب وزیر اعلیٰ سشیل کمار مودی نے سابق میئر سمیر کمار کے قتل کے ایک دن بعد جرائم پیشوں کے سامنے ہاتھ جوڑ لیے اور ان سے اپیل کی ہے کہ وہ کم سے کم آئندہ 16-15 دنوں تک امن بنائے رکھیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

مظفر پور کے سابق میئر سمیر کمار اور ان کے ڈرائیور کا قتل ہوئے دو دن ہو چکا ہے لیکن مجرمین ابھی تک قانونی گرفت سے باہر ہیں۔ نتیش حکومت کی اس ناکامی نے پہلے ہی اپوزیشن پارٹیوں کو حملہ کا موقع دے رکھا ہے اور اب بہار کے نائب وزیر اعلیٰ سشیل کمار مودی نے جرائم پیشوں کے سامنے ہاتھ جوڑ کر ثابت کر دیا ہے کہ بہار میں پولس انتظامیہ بے بس ہو چکی ہے۔

اتوار کے روز مظفر پور میں سابق میئر کو اے کے-47 سے جرائم پیشوں نے بھون ڈالا تھا۔ اس واقعہ کے پیش نظر پیر کے روز ایک تقریب کے دوران سشیل کمار مودی نے جرائم پیشوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کم از کم ’پتر پکش‘ میں جرائم نہ کریں۔ انھوں نے مزید کہا کہ ’’کم از کم 16-15 دن جو یہ مذہبی تہوار ہے، اس موقع پر کوئی کام ایسا نہ کریں جس سے بہار کے وقار کو ٹھیس پہنچے یا پھر یہاں آنے والے لوگوں کو کوئی شکایت کرنے کا موقع ملے۔‘‘ سشیل مودی کے اس بیان کے بعد اپوزیشن پارٹیوں کا حملہ مزید تیز ہو گیا ہے اور حکومت بہار نشانے پر ہے۔

بہار کے سابق نائب وزیر اعلیٰ اور آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نتیش حکومت پر لگاتار حملے کر رہے ہیں اور آج بھی انھوں نے ایک ٹوئٹ کیا ہے۔ اس ٹوئٹ میں انھوں نے کہا ہے کہ ’’ڈپٹی سی ایم سشیل کمار جرائم پیشوں کے سامنے اپیل کر رہے ہیں۔ ان کو شرم آنی چاہیے۔‘‘

اس سے قبل پیر کے روز بھی تیجسوی یادو نے طنز کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’’خلاصہ اور دلاسہ ماسٹر کی جوڑی ڈر کے مارے کچھ دنوں میں جرائم پیشوں کے پیر بھی پکڑلیں تو حیران نہیں ہونا۔ کیونکہ بہار پولس سے زیادہ اے کے-47 جرائم پیشوں کے پاس ہیں۔‘‘ ان کا یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب اپوزیشن پارٹیاں ریاست میں بڑھتے جرائم کے لیے حکومت کو نشانہ بنا رہی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ بہار کے مظفر پور ضلع کے سابق میئر سمیر کمار اور ان کے ڈرائیور کی اتوار دیر شام نامعلوم جرائم پیشوں نے گولی مار کر قتل کر دیا تھا۔ پولس کے مطابق سمیر دیر شام اپنے ڈرائیور کے ساتھ گاڑی سے کہیں جا رہے تھے تبھی شہر کے سٹی تھانہ حلقہ کے بنارس بینک چوک کے نزدیک موٹر سائیکل پر سوار جرائم پیشوں نے ان کی گاڑی کو گھیر لیا اور اے کے-47 سے ان دونوں پر اندھا دھند گولیاں برسا دی تھیں۔ گولی لگنے سے جائے واقعہ پر ہی سمیر اور ان کے ڈرائیور روہت کمار کی موت ہو گئی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔