نتیش حکومت میں بدمعاشوں کی دہشت، تاجر کا ہوا قتل
پٹنہ کے میٹھائی کاروباری پرشوتم گپتا موٹر سائیکل سے گھر جا رہے تھے، جیسے ہی وہ فریزر روڈ پہنچے، بدمعاشوں نے انہیں روک کر گولی مار دی، انہیں اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے مردہ قرار دے دیا۔
’سوشاسن بابو‘ نتیش کمار کی حکومت میں بے خوف بدمعاشوں کی دہشت جاری ہے، ریاست کے دارالحکومت پٹنہ میں ایک بار پھر بدمعاشوں نے ایک تاجر کو گولی مار کر ہلاک کر دیا ہے، تازہ معاملہ پٹنہ کے فریزر روڈ پر واقع ہوا ہے، جہاں گزشتہ روز ہفتہ کو میٹھائی تاجر پرشوتم کمار گپتا کی موٹر سائیکل سوار بدمعاشوں نے گولی مار كر قتل کر دیا اور ان سے روپیوں سے بھرا بیگ لوٹ کر فرار ہوگئے۔
بتایا جا رہا ہے کہ پال کیک ہوم کے مالک پرشوتم گپتا موٹر سائیکل سے اپنے گھر واپس آ رہے تھے، جیسے ہی وہ فریزر روڈ پر پہنچے موٹر سائیکل سوار تین بدمعاشوں نے انہیں روک لیا اور قریب سے ان کے سینے میں گولی مار دی، گولی لگتے ہی وہ زمیں پر گر پڑے، اس واردات کے بعد علاقے میں سنسنی پھیل گئی، تاجر کو علاج کے لیے پی ایم سی ایچ لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔
اس واردات کے بعد پولس موقع پر پہنچی اور جائے وقوعہ کا جائزہ لیا، پولس نے کیس درج کر لیا ہے اور بدمعاشوں کی تلاش کر رہی ہے، گولی چلانے والے بدمعاش کون تھے، اس بات کا پتہ ابھی نہیں لگ پایا ہے۔
گزشتہ کئی ماہ سے مجرم کھلے عام بہار میں لوٹ اور قتل کی وارداتوں کو انجام دے رہے ہیں، بدمعاشوں میں پولس کا خوف ہی نہیں ہے، اس سے پہلے بھی دارالحکومت پٹنہ میں دن دہاڑے بدمعاشوں نے کئی وارداتوں کو انجام دے چکے ہیں۔
5 دسمبر 2018 کو پٹنہ کے راج ونشی نگر علاقے میں ہائی کورٹ کے وکیل کو بدمعاشوں نے سرعام گولی مار كر قتل کر دیا تھا، وکیل جتندر کمار اپنے گھر سے ہائی کورٹ کے لئے جا رہے تھے، اسی دوران موٹر سائیکل سوار بدمعاشوں نے انہیں گولی مار دی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔