بہار: اب وی آئی پی نے بی جے پی کو دکھائی آنکھ، آر جے ڈی سے ہاتھ ملانے کا اشارہ

آر جے ڈی ترجمان مرتیونجے تیواری نے بدھ کی شب اچانک وی آئی پی چیف اور بہار کے وزیر برائے ماہی و مویشی پروری مکیش سہنی سے ملنے سرکاری رہائش پر پہنچے، دونوں لیڈروں کے درمیان تقریباً ایک گھنٹے بات ہوئی۔

مکیش سہنی، تصویر آئی اے این ایس
مکیش سہنی، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

اتر پردیش میں ہو رہے اسمبلی انتخاب کا اثر اب بہار میں بھی پڑتا صاف دکھائی پڑ رہا ہے۔ بہار میں برسراقتدار این ڈی اے میں شامل وکاس شیل انسان پارٹی (وی آئی پی) یوپی انتخاب میں تنہا انتخابی میدان میں اتری ہے، تو اب بہار میں بھی وہ بی جے پی کے آمنے سامنے ہو گئی ہے۔

وی آئی پی سربراہ مکیش سہنی نے آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو کو چھوٹا بھائی بتاتے ہوئے اتحاد سے الگ ہونے کی دھمکی دی، تو بی جے پی رکن پارلیمنٹ اجے نشاد نے اسے گیدڑ بھبھکی بتاتے ہوئے یہاں تک کہہ دیا کہ انھیں روکا کس نے ہے۔ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ ان کے اپنے تین اراکین اسمبلی بھی ان کے ساتھ نہیں ہیں۔


اجے نشاد نے سوالیہ لہجے میں کہا کہ بہار اسمبلی انتخاب میں وی آئی پی کے حصے 11 سیٹیں آئی تھیں، کتنے میں نشاد سماج کے لوگوں کو کھڑا کیا تھا۔ انھوں نے کہا کہ یوپی میں نشاد پارٹی اپنے سماج کی لڑائی سالوں سے لڑ رہی ہے، اب اسے شکست دینے کے لیے وی آئی پی وہاں الیکشن لڑ رہی ہے۔ بی جے پی لیڈر نے یہ بھی کہا کہ سہنی بہار میں وزیر ہیں، اب تک اپنے سماج کے لیے کیا کیا؟

واضح رہے کہ سہنی نے ایک دن پہلے کہا تھا کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار کامیابی کے ساتھ بہار حکومت چلا رہے ہیں اور ہم لوگ ان کے ساتھ ہیں۔ انھوں نے تیجسوی یادو کو چھوٹا بھائی بتاتے ہوئے کہا تھا کہ عام اتفاق بن جائے گا تو ہم ساتھ میں سیاست کریں گے۔


دوسری طرف آر جے ڈی ترجمان مرتیونجے تیواری بھی بدھ کی شب اچانک وی آئی پی چیف اور بہار کے وزیر برائے ماہی و مویشی پروری مکیش سہنی کی سرکاری رہائش پر ملنے پہنچے۔ دونوں لیڈروں کے درمیان تقریباً ایک گھنٹے تک بند کمرے میں بات چیت ہوئی۔ اس کے بعد طرح طرح کی قیاس آرائیاں شروع ہو گئی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔