بہار: نتیش کمار نے ریزرویشن کا دائرہ بڑھا کر 75 فیصد کرنے کی تجویز رکھی، خاکہ اسمبلی میں پیش

وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے کہا کہ ذات پر مبنی مردم شماری سروے سے پسماندہ اور انتہائی پسماندہ سمیت ایس سی اور ایس ٹی آبادی کا جو نمبر سامنے آیا ہے، اس کے مطابق ریزرویشن بڑھانے کی ضرورت ہے۔

<div class="paragraphs"><p>نتیش کمار، تصویر آئی اے این ایس</p></div>

نتیش کمار، تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

آئندہ سال ہونے والے لوک سبھا انتخاب سے قبل بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے ایک بڑا داؤ چل کر سبھی کو حیران کر دیا ہے۔ بہار اسمبلی میں منگل کے روز نتیش حکومت نے ذات پر مبنی مردم شماری، تعلیمی سروے کی رپورٹ ایوان میں پیش کی۔ اس درمیان نتیش کمار نے ذات پر مبنی مردم شماری کو بنیاد بناتے ہوئے ریزرویشن کا دائرہ 50 فیصد سے بڑھا کر 65 فیصد کرنے کی تجویز رکھی۔

ایوان میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ذات پر مبنی مردم شماری سروے سے پسماندہ اور انتہائی پسماندہ سمیت ایس سی اور ایس ٹی آبادی کا جو نمبر سامنے آیا ہے، اس کے مطابق ریزرویشن بڑھانے کی ضرورت ہے۔ فی الحال جو 50 فیصد ریزرویشن ہے، اسے ہم 65 فیصد کر دیں۔ پہلے سے اعلیٰ ذاتوں کے معاشی طور پر کمزور طبقہ کے لیے 10 فیصد ریزرویشن ہے، تو اس طرح 65 فیصد ریزرویشن کے بعد مجموعی ریزرویشن 75 فیصد ہو جائے گا۔


اسمبلی میں بحث کے دوران وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے بتایا کہ حکومت ریزرویشن کا دائرہ بڑھانے جا رہی ہے۔ ریزرویشن بڑھانے کے لیے مشورہ لیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ ہم اسی اجلاس میں تبدیلیوں کو نافذ کرنا چاہتے ہیں۔ نتیش حکومت کی تجویز کے مطابق ایس سی کے موجودہ 16 فیصد ریزرویشن کو بڑھا کر 20 فیصد کیا جائے گا۔ ایس ٹی کے لیے ریزرویشن ایک فیصد سے بڑھا کر 2 فیصد کیا جائے گا۔ ای بی سی (انتہائی پسماندہ) اور او بی سی کو ملا کر 43 فیصد ریزرویشن دیا جائے گا۔

اس دوران نتیش کمار نے یہ بھی کہا کہ ریاست میں 63850 کنبوں کے پاس رہنے کے لیے رہائش نہیں ہے، ایسے کنبوں کے لیے ریاستی حکومت زمین خریدنے کے لیے ایک لاکھ روپے اور مکان بنانے کے لیے 1.20 لاکھ روپے دینے کا بھی نظریہ رکھتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس ہدف کو پورا کرنے میں پانچ سال کا وقت لگے گا۔


وزیر اعلیٰ نتیش کمار کا کہنا ہے کہ ریاست میں 94 لاکھ غریب کنبے ہیں۔ ان غریب کنبوں کو 2 لاکھ روپے ریاستی حکومت کی طرف سے مدد کی جائے گی۔ اس میں سبھی ذاتوں کے غریبوں کو مدد پہنچائی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ نے خصوصی ریاست کے درجہ کا مطالبہ بھی دہراتے ہوئے کہا کہ اگر بہار کو خصوصی ریاست کا درجہ مل جائے تو ہدف جلد پورا ہوگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔