بہار: سپول میں تھانیدار نے دکھائی ’دھونس‘ تو بھیڑ نے دوڑا دوڑا کر پیٹا

ایک سڑک حادثہ کے بعد لوگوں نے ملزم کو یرغمال بنا لیا اور اس کی بائیک بھی قبضے میں لے لی۔ جب تھانیدار پولس ٹیم کے ساتھ بائیک لینے پہنچے تو مشتعل بھیڑ نے ان کی پٹائی شروع کر دی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

بہار کے ضلع سپول واقع چھاتا پور میں بھیڑ کے ذریعہ تھانیدار کی پٹائی کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ چھاتا پور کے تھانہ انچارج راگھو شرن کی پٹائی کا ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔ اس ویڈیو میں بھیڑ ان کی پٹائی کرتی ہوئی نظر آ رہی ہے۔

خبروں کے مطابق واقعہ منگل کا ہے۔ سڑک حادثہ کے بعد مقامی لوگوں نے ایک بائیک سوار کو یرغمال بنا لیا تھا اور اس کی بائیک کو بھی قبضے میں لے لی تھی۔ جب پولس کو اس بات کی خبر ملی تو وہ موقع پر پہنچی اور لوگوں کو کسی طرح سمجھا کر بائیک سوار کو چھوڑنے کے لیے رضامند کیا۔


میڈیا ذرائع کے مطابق بائیک سوار کو جب مقامی لوگوں نے چھوڑ دیا تو تھانیدار اپنی ٹیم کے ساتھ متاثرہ کے گھر بائیک لینے کے لیے پہنچے تھے۔ اس دوران تھانیدار کی لوگوں سے نوک جھونک ہو گئی۔ بحث کے دوران تھانیدار راگھو شرن نے ایک شخص کو تھپڑ مار دیا۔ اس سے وہاں موجود بھیڑ مشتعل ہو گئی اور تھانیدار کو موقع پر ہی گھیر کر پٹائی شروع کر دی۔ لوگوں نے تھانیدار کو دوڑا دوڑا کر خوب پیٹا۔ وہاں پر موجود دیگر پولس اہلکاروں نے کسی طرح تھانیدار کو بھیڑ کی گرفت سے چھڑایا اور اپنے ساتھ لے گئی۔

پٹائی کے کچھ دیر بعد ہی ایک بار پھر تھانیدار زیادہ پولس فورس کے ساتھ جائے وقوع پر پہنچے اور اس مرتبہ ان کے ساتھ خواتین پولس اہلکار بھی موجود تھیں۔ الزام ہے کہ پولس نے خواتین اور مردوں کی پٹائی کی جس سے مقامی لوگوں میں کافی ناراضگی ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ پولس اہلکار گھر میں گھس گئے اور لوگوں کے ساتھ مار پیٹ کی۔ اس واقعہ کے بعد پورے علاقے میں ماحول کافی کشیدہ ہے۔ مقامی لوگ ملزم تھانیدار اور پولس اہلکاروں پر کارروائی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 09 Oct 2019, 8:25 PM