’ریا چکرورتی 'سپاری کلر' اور 'وِش کنیا' ہے، اس کے خلاف جلد کارروائی ہو‘
بہار حکومت میں وزیر مہیشوری ہزاری نے سوشانت سنگھ کی موت سے متعلق جاری جانچ کے بارے میں کہا کہ اب تک کوئی جانچ ممبئی پولس کے ذریعہ نہیں کی گئی ہے، صرف لیپاپوتی کی کوشش ہو رہی ہے۔
بالی ووڈ اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی معاملہ کو لے کر اب سیاست تیز ہو گئی ہے۔ اس درمیان بہار کے ایک وزیر مہیشوری ہزاری نے ملزم ریا چکرورتی کو 'سپاری کلر' اور 'وِش کنیا' (زہریلی خاتون) تک ٹھہرا دیا ہے۔ مہیشوری ہزاری نے اندیشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ سوشانت سنگھ کی موت خودکشی کا نہیں بلکہ قتل کا معاملہ معلوم ہوتا ہے۔
ریاستی وزیر ہزاری نے اس پورے معاملے پر اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ "ریا چکرورتی نہ صرف سپاری کلر ہے بلکہ وہ بالی ووڈ کی وِش کنیا کی طرح ہے جس نے سوشانت سنگھ راجپوت کو اپنے عشق میں پھنسا کر جان لے لی۔" ہزاری نے مزید کہا کہ "ریا چکرورتی وِش کنیا کی طرح ہے جسے سازش کے تحت سوشانت کے پاس بھیجا گیا تھا۔ وہ اپنی خواہش پوری کرنے کے چکر میں نہ جانے آگے کتنے لوگوں کی جان لے لے گی۔ ایسی سپاری کلر پر جلد سے جلد کارروائی ہو۔"
مہیشوری ہزاری نے اپنے بیان میں ممبئی پولس کی جانچ پر بھی انگلی اٹھائی۔ انھوں نے کہا کہ "اب تک کوئی جانچ ممبئی پولس کے ذریعہ نہیں کی گئی ہے، صرف لیپا پوتی کی کوشش ہو رہی ہے۔ بہار حکومت اب قانون کے مطابق اعلیٰ سطحی جانچ کروانے پر غور کر رہی ہے۔"
غور طلب ہے کہ پٹنہ کے باشندہ بالی ووڈ اداکار سوشانت سنگھ نے ممبئی کے باندرا واقع اپنے فلیٹ میں 14 جون کو مبینہ طور پر خودکشی کر لی تھی۔ اس کے بعد سوشانت کے والد کے. کے. سنگھ نے راجیو نگر تھانہ میں 25 جولائی کو ایک معاملہ درج کروایا ہے جس میں انھوں نے سوشانت کی گرل فرینڈ ریا چکرورتی، ان کے والد اندرجیت چکرورتی، ماں سندھیا چکرورتی، بھائی شووِک چکرورتی اور دو منیجر کے خلاف ایف آئی آر درج کرواتے ہوئے ان پر دھوکہ دہی اور خودکشی کے لیے اکسانے کا الزام لگایا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 31 Jul 2020, 5:11 PM