جنتا دل یو یکم ستمبر سے بی جے پی کے خلاف چلائے گی پول کھول مہم، للن سنگھ نے پریس کانفرنس کر کیا اعلان

پول کھول مہم کے تحت یکم سے 5 ستمبر تک ہر ضلع ہیڈ کوارٹر میں مشعل جلوس اور کینڈل مارچ نکالا جائے گا، پھر 7 سے 12 ستمبر تک ہر بلاک ہیڈکوارٹر پر مشعل جلوس یا کینڈل مارچ نکلے گا۔

للن سنگھ، تصویر آئی اے این ایس
للن سنگھ، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی پارٹی جنتا دل یو نے آئندہ یکم ستمبر تک ریاست میں بی جے پی کے خلاف جنتا دل یو 'پول کھول مہم' چلانے کا اعلان کیا ہے۔ جنتا دل یو کے قومی صدر للن سنگھ نے منگل کے روز ایک پریس کانفرنس کر اس کا اعلان کیا۔ انھوں نے کہا کہ اس مہم کے دوران یکم سے 5 ستمبر تک ہر ضلع ہیڈکوارٹرس میں مشعل جلوس اور کینڈل مارچ نکالا جائے گا اور بی جے پی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ ہوگا۔ 7 سے 12 ستمبر تک ہر بلاک ہیڈکوارٹر پر مشعل جلوس اور کینڈل مارچ نکالا جائے گا۔ اس کے بعد 15 سے 20 ستمبر تک ہر گھر کے اوپر سیاہ پرچم لگا کر جنتا دل یو احتجاج درج کرے گی۔

جنتا دل یو کے قومی صدر للن سنگھ نے آج پٹنہ میں کہا کہ اس مہم کے تحت بی جے پی کی قلعی کھولنے کا کام کیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ بہار میں ذات پر مبنی مردم شماری پر بی جے پی کا چہرہ بے نقاب ہو گیا ہے۔ یہ صاف ہو گیا ہے کہ بی جے پی ملک کے پسماندوں اور غریبوں کی مخالف ہے اور سرمایہ داروں کی خیر خواہ ہے۔ بی جے پی کی حکومت نے امیروں کو کہاں سے کہاں پہنچا دیا۔ جو شخص 9 سال پہلے ملک میں 103ویں مقام پر تھا، وہ 9 سال کے اندر دنیا میں تیسرے مقام پر پہنچ گیا۔ غریب اور انتہائی پسماندہ کے خلاف بی جے پی اب کھل کر سامنے آ گئی ہے، جس کا پردہ فاش کیا جائے گا۔


للن سنگھ نے کہا کہ ذات پر مبنی مردم شماری کا مطالبہ ملک بھر میں ہو رہا ہے۔ بہار میں جب سے یہ شروع ہوا تب سے مدھیہ پردیش سمیت ملک کی دیگر ریاستوں میں بھی یہ مطالبہ ہو رہا ہے، لیکن مرکزی حکومت کمبھ کرن کی نیند سو رہی ہے۔ معاشی طور سے پسماندہ سماج کے جتنے لوگ ہیں، انھیں ذات پر مبنی مردم شماری کا فائدہ مل سکے گا۔ للن سنگھ نے کہا کہ جب انتخاب آتا ہے تو مودی جی کبھی چائے والے بن جاتے ہیں، تو کبھی انتہائی پسماندہ بن جاتے ہیں، لیکن اب بی جے پی کی پول کھول مہم پورے بہار میں چلے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔