بہار: موتیہاری کے اینٹ بھٹے میں دھماکہ، 8 افراد ہلاک، دو درجن کے ملبے میں دبے ہونے کا خدشہ

واقعہ کے بعد آس پاس کے لوگوں میں بھگدڑ مچ گئی۔ راحت اور بچاؤ کا کام جاری ہے۔ مقامی پولیس اور افسران کی ایک ٹیم موقع پر موجود ہے۔ زخمیوں کی حالت بھی انتہائی تشویشناک ہے

تصویر بشکریہ این ڈی ٹی وی
تصویر بشکریہ این ڈی ٹی وی
user

قومی آواز بیورو

پٹنہ: بہار کے موتیہاری میں ایک دلخراش حادثہ پیش آیا ہے۔ یہاں رام گڑھوا کے نریل گری میں اینٹوں کے بھٹے کی چمنی میں دھماکہ ہوا ہے۔ دھماکے کے سبب 8 افراد جاں بحق ہو گئے۔ جبکہ ملبے میں اب بھی 2 درجن سے زائد افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ 16 افراد نازک حالت میں رکسول میں زیر علاج ہیں۔

واقعہ کے بعد آس پاس کے لوگوں میں بھگدڑ مچ گئی۔ راحت اور بچاؤ کا کام جاری ہے۔ مقامی پولیس اور افسران کی ایک ٹیم موقع پر موجود ہے۔ زخمیوں کی حالت بھی انتہائی تشویشناک ہے۔ آس پاس کے لوگوں کا کہنا ہے کہ دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی۔


بہار پولیس ہیڈکوارٹر کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ حادثے کے بعد ایس ڈی آر ایف کی ٹیم موقع پر پہنچی اور ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔ مہلوکین میں 4 مقامی لوگ اور 3 اتر پردیش کے رہنے والے تھے۔ پولیس مسلسل تعاون کر رہی ہے اور ضروری مدد فراہم کر رہی ہے۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی اس حادثے پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔ ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ میں وزیر اعظم نے لکھا ’’موتیہاری میں اینٹوں کے بھٹے کے حادثے میں جانوں کے ضیاع سے غمزدہ ہوں۔ سوگوار خاندانوں سے تعزیت اور زخمیوں کے لیے دعا۔ مہلوکین کے لواحقین کو پردھان منتری نیشنل ریلیف نڈ کی جانب سے 2-2 لاکھ روپے اور زخمیوں کو 50000 روپے فراہم کئے جائیں گے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔