بہار: آبکاری محکمہ کی ٹیم تلاش رہی تھی شراب، مل گئی دو کوئنٹل چاندی!

بہار کے گوپال گنج میں آبکاری محکمہ کی ٹیم کو اس وقت بڑی کامیابی ملی جب ٹیم نے اتر پردیش سے بہار آ رہی ایک کار سے شراب کی جگہ دو کوئنٹل سے زیادہ چاندی برآمد کی۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

بہار کے گوپال گنج میں آبکاری محکمہ کی ٹیم کو اس وقت بڑی کامیابی ملی جب ٹیم نے اتر پردیش سے بہار آ رہی ایک کار سے شراب کی جگہ دو کوئنٹل سے زیادہ چاندی برآمد کی۔ اس معاملے میں دو لوگوں کو حراست میں لے کر پوچھ تاچھ کی جا رہی ہے۔ دراصل محکمہ آبکاری کی ٹیم بدھ کو غیر قانونی شراب کو لے کر کچائکوٹ تھانہ حلقہ کے بلتھری چیک پوسٹ پر اتر پردیش سے آنے والی گاڑیوں کی تلاشی لے رہی تھی۔ اسی دوران ایک کار سے 232 کلوگرام چاندی برآمد کی گئی۔

گوپال گنج کے آبکاری سپرنٹنڈنٹ راکیش کمار نے بتایا کہ کار کی باریکی سے جانچ کے دوران پیچھے کی سیٹ کے نیچے تہہ خانہ بنا نظر آیا جس سے 232 کلوگرام چاندی برآمد کی گئی۔ انھوں نے بتایا کہ برآمد کی گئی چاندی کی قیمت بازار میں ڈیڑھ سے دو کروڑ روپے اندازہ کیا جا رہا ہے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ اس معاملے میں کار پر سوار ڈرائیور اور ایک دیگر شخص کو حراست میں لیا گیا ہے۔ حراست میں لیے گئے لوگوں کی شناخت دربھنگہ ضلع کے نگر تھانہ علاقہ کے بڑا بازار باشندہ منوج گپتا اور ڈرائیور شیو شنکر مہتو کی شکل میں کی گئی ہے۔


پوچھ تاچھ کے دوران پتہ چلا کہ کار سے چاندی کو اتر پردیش کے کانپور سے دربھنگہ لے جایا جا رہا تھا۔ آبکاری سپرنٹنڈنٹ نے بتایا کہ اس کی اطلاع پولیس اور دیگر متعلقہ افسران کو دے دی گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔