بہار انتخابات: مجموعی طور پر 19 مسلم امیدوار کامیاب، 2015 کے مقابلہ 5 کم
اس بار سب سے زیادہ 8 ارکان اسمبلی کا تعلق آر جے ڈی سے ہے، اس کے بعد 5 ارکان اسمبلی اویسی کی ایم آئی ایم سے فتح یاب ہوئے ہیں، سال 2015 کے اسمبلی انتخابات میں 24 مسلم ارکان اسمبلی منتخب ہوئے تھے
پٹنہ: بہار انتخابات میں مجموعی طور پر 19 امیدواروں نے کامیابی حاصل کی ہے اور یہ تعداد گزشتہ 2015 کے انتخابات کے مقابلہ میں 5 کم ہے۔ اس مرتبہ اسد الدین اویسی کی جماعت آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے 5 امیدواروں نے کامیابی حاصل کی ہے لیکن سب سے زیادہ مسلم امیدوار آر جے ڈی سے کامیاب ہوئے ہیں۔ غور طلب ہے کہ این ڈی اے میں بی جے پی کی حلیف جماعت جے ڈی یو کا کوئی بھی مسلم امیدوار کامیاب نہیں ہو پایا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : اقلیتیں اویسی کی بین پر ناچنا بند کریں... سید خرم رضا
اس بار آر جے ڈی سے سب سے زیادہ مسلم امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔ آر جے ڈی سے تعلق رکھنے والے 8 امیدواروں نے کامیابی حاصل کی ہے جبکہ اے آئی ایم آئی ایم سے 5 امیدواروں نے کامیابی حاصل کی ہے۔ اس کے علاوہ سی پی آئی ایم مالے اور مایاوتی کی بی ایس پی (بہوجن سماج پارٹی) سے ایک امیدوار کامیاب ہوا ہے۔ جے ڈی یو نے کل 11 مسلم امیدواروں کو ٹکٹ دیا تھا لیکن ان میں سے کوئی بھی امیدوار کامیابی حاصل نہیں کر سکا۔
خیال رہے کہ سال 2015 کے انتخابات میں مجموعی طور پر 24 مسلم ارکان اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ اس وقت بھی سب سے زیادہ 11 مسلم ارکان اسمبلی آر جے ڈی سے ہی کامیاب ہوئے تھے۔ وہیں، سال 2010 میں 16 مسلم ارکان اسمبلی پہنچے تھے۔ 1952 سے ابھی تک سب سے زیادہ مسلم ارکان اسمبلی سال 1985 میں منتخب ہوئے تھے۔ ان کی تعداد 34 تھی۔ جبکہ 1952 میں بھی 24 مسلم ارکان اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں : یوم تعلیم : مولانا ابو الکلام آزاد اور قومی یکجہتی
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔