بہار انتخابات: بلرامپور سے مہاگٹھ بندھن کے امیدوار محبوب عالم کو ملی سب سے بڑی جیت

بلرامپور اسمبلی سیٹ سے مہاگٹھ کی طرف سے کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ-لیننسٹ لبریشن) کے امیدوار محبوب عالم نے 1 لاکھ سے زیادہ ووٹ حاصل کیے اور زائد از 53 ہزار ووٹوں سے جیت درج کی

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

پٹنہ: بہار اسمبلی انتخابات میں این ڈی نے 125 سیٹوں کے ساتھ اکثریت حاصل کر لی ہے اور نتیش کمار ایک مرتبہ پھر بہار کے وزیر اعلیٰ بننے جا رہے ہیں۔ تاہم 15 سالوں سے اقتدار کی کرسی پر براجمان نتیش کے لئے اس دفعہ کے انتخابات آسان نہیں رہے، ووٹ شماری کے دوران بھی مہاگٹھ بندھن اور این ڈی اے کے درمیان کانٹے کا مقابلہ رہا۔ مہاگٹھ بندھن کی اہم جماعت آر جے ڈی انتخابات کے بعد سب سے زیادہ سیٹوں والی پارٹی بن کر ابھری ہے۔ کئی سیٹوں پر ہار جیت کا فیصلہ بہت ہی کم ووٹوں سے ہوا لیکن کچھ سیٹوں پر جیت کا فرق بہت بڑا رہا۔

دریں اثنا، مہاگٹھ بندھن کے ایک امیدوار نے بڑے فرق سے جیت حاصل کرنے کے معاملہ میں ریکارڈ قائم کیا ہے، محبوب عالم نے بلرام پور اسمبلی سیٹ سے 53000 سے زیادہ ووٹوں کے فرق سے کامیابی حاصل کی ہے۔ کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ-لیننسٹ) (لبریشن) کے امیدوار محبوب عالم نے بلرام پور سیٹ پر 104489 ووٹ حاصل کیے۔ وہیں، دوسرے مقام پر وکاس انسان پارٹی کے امیدوار رہے، جو این ڈی اے کا حصہ ہے۔ وی آئی پی امیدوار برون کمار جھا کو یہاں سے کل 50892 ووٹ حاصل ہوئے۔


بہار انتخابات میں بہت سی سیٹیں ایسی بھی ہیں جہاں جیت اور ہار کا فاصلہ بہت کم ووٹوں کے فرق سے رہا۔ ہلسا کی سیٹ پر تو محض 12 ووٹوں سے ہار جیت ہوئی۔ ہلسا اسمبلی سیٹ پر آر جے ڈی کے شکتی سنگھ یادو کو کل 61836 ووٹ ملے ہیں، جبکہ جے ڈی یو کے کرشنا مراری شرن کو 61848 ووٹ حاصل ہوئے۔ ایل جے پی نے بھی یہاں انتخاب لڑا اور اس کے امیدوار کمار سُمن سنگھ نے 17471 ووٹ حاصل کیے۔

خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے حتمی طور پر بہار انتخابت کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے، جس کے مطابق بی جے پی نے 74، جے ڈی یو نے 43، وکاس سشیل انسان پارٹی (وی آئی پی) نے 4 اور ہندوستانی عوام مورچہ (ہم) نے 4 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔ وہیں، مہاگٹھ بندھن کی جماعت آر جے ڈی نے 75، کانگریس نے 19، سی پی آئی مالے نے 12 اور سی پی آئی و سی پی ایم نے دو دو سیٹیں حاصل کی ہیں۔


اویسی کی اے آئی ایم آئی ایم نے اس انتخاب میں 5 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے، جبکہ چراغ پاسوان کی ایل جے پی نے صرف ایک سیٹ پر کامیابی حاصل کی ہے۔ بی ایس پی نے بھی ایک نشست جیت لی ہے۔ ایک آزاد امیدوار نے بھی الیکشن جیتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔