بہار انتخاب: مظفر پور میں پپو یادو کا اسٹیج منہدم، ہاتھ کی ہڈی ٹوٹی، کئی افراد زخمی

حادثہ کے بعد پپو یادو نے کہا کہ لوگوں کے پیار اور آشیرواد کے سبب انھیں زیادہ چوٹ نہیں آئی۔ انھوں نے مزید کہا کہ "میں صحت مند ہو کر جلد عوام کے درمیان لوٹوں گا۔"

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

آصف سلیمان

بہار اسمبلی انتخاب کی تشہیر کے لیے ایک انتخابی جلسہ کے دوران اچانک اسٹیج گر جانے سے سابق رکن پارلیمنٹ پپو یادو کا ہاتھ ٹوٹ گیا ہے۔ اس حادثہ میں کئی لوگوں کے سنگین طور پر زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔ حادثہ اسٹیج پر بڑی تعداد میں لوگوں کے جمع ہونے کی وجہ سے ہوا۔

واقعہ مظفر پور کے مینا پور کا ہے جہاں جن ادھیکار پارٹی کے انتخابی جلسہ میں لوگوں کی بھیڑ جمع ہوئی تھی۔ اپنی پارٹی کے انتخابی جلسہ میں پپو یادو بھیڑ سے خطاب کر رہے تھے۔ اس دوران اسٹیج پر بڑی تعداد میں لوگ جمع ہو گئے۔ تبھی اچانک اسٹیج بھربھرا کر گر پڑا جس سے پپو یادو سمیت اسٹیج پر موجود لوگ نیچے جا گرے۔ اس دوران پپو یادو پر کئی لوگ گر گئے جس کی وجہ سے انھیں ہاتھ میں کافی چوٹ آئی ہے۔


حادثہ کے فوراً بعد پپو یادو کا مقامی اسپتال میں ابتدائی علاج کرایا گیا۔ بعد ازاں پپو یادو نے کہا کہ لوگوں کی محبت اور دعاؤں کے سبب انھیں زیادہ چوٹ نہیں آئی۔ انھوں نے کہا کہ جلد ہی صحت مند ہو کر وہ عوام کے درمیان لوٹیں گے۔

ابھی تک کی اطلاع کے مطابق اسٹیج پر لوگوں کی صلاحیت سے زیادہ بھیڑ ہو جانے کے سبب اسٹیج بھربھرا کر گر پڑا۔ واضح رہے کہ انتخابی تشہیر کے دوران اسٹیج ٹوٹنے کے کئی واقعات سامنے آ چکے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔