بہار: سارن کے بعد سیوان میں بھی زہریلی شراب سے اموات، اب تک 58 افراد ہلاک

بہار کے سارن کے بعد اب سیوان سے بھی زہریلی شراب سے اموات کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ سیوان کے بھگوان پور میں مبینہ طور پر زہریلی شراب پینے سے 5 لوگوں کی موت ہو گئی، جس سے ہلاک شدگان کی تعداد 58 ہو گئی

شراب، تصویر آئی اے این ایس
شراب، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

پٹنہ: بہار کے سارن کے بعد اب سیوان سے بھی زہریلی شراب سے اموات کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ سیوان کے بھگوان پور میں مبینہ طور پر زہریلی شراب پینے سے 5 لوگوں کی موت ہو گئی۔ سیوان میں زہریلی شراب سے موت کا معاملہ ایسے وقت میں سامنے آیا جب پڑوسی ضلع سارن کے چھپرا میں زہریلی شراب پینے سے 53 لوگوں کی موت ہو گئی۔

بتایا جا رہا ہے کہ بھگوان پور کے برہمستھان پنچایت کے ایک گاؤں میں پانچ افراد کی موت ہوئی۔ یہ گاؤں سارن میں مشرک کے بہرولی سے متصل ہے۔ سارن کے مشرک اور اسوا پور میں ہی 53 لوگوں کی موت جعلی شراب پینے سے ہوئی ہے۔ مرنے والوں میں سے زیادہ تر کا تعلق بہرولی گاؤں سے ہے۔


ادھر، چھپرا میں زہریلی شراب سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ رہی ہے اور جمعہ کی صبح تک یہ تعداد 49 ہو گئی۔ اس معاملے میں اب تک 123 لوگوں کے حراست میں لیے جانے کی اطلاعات ہیں۔ ساتھ ہی کئی لاشوں کا پوسٹ مارٹم بھی ہو چکا ہے۔ اب اس معاملے کی جانچ کے لیے ایس آئی ٹی تشکیل دی گئی ہے۔ سونپور کے ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس انجنی کمار اس کی قیادت کریں گے۔

ایس آئی ٹی میں اے ایس پی کے علاوہ 31 پولس افسران اور تین ڈی ایس پیز کو رکھا گیا ہے۔ چھپرا کے ایس پی سنتوش کمار نے کہا کہ معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے اور قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ اس سے پہلے ایس پی نے مشرک تھانے کے افسر رتیش مشرا اور چوکیدار وکیش تیواری کو فوری اثر سے معطل کر دیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔