اب پٹنہ ایمس کی تیسری منزل سے کود کر کورونا مریض نے کی خودکشی
بہار میں کورونا انفیکشن کی تیزی سے بڑھتی تعداد کو دیکھتے ہوئے مریضوں میں اب خوف پیدا ہو گیا ہے۔ اس درمیان پٹنہ واقع ایمس کی تیسری منزل سے کود کر ایک کورونا مریض نے خودکشی کر لی۔
ہندوستان میں بڑھتے کورونا انفیکشن کے درمیان کورونا مریضوں کی خودکشی کا سلسلہ بھی لگاتار بڑھتا جا رہا ہے۔ ایمس دہلی میں خودکشی کے کچھ واقعات سامنے آ چکے ہیں اور اب پٹنہ واقع ایمس میں بھی کورونا مریض کی خودکشی کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ بہار میں کورونا انفیکشن کی بڑھتی تعداد کے درمیان جمعہ کے روز ایک مریض نے ایمس کی تیسری منزل سے چھلانگ لگا دی۔ پھلواری شریف کے تھانہ انچارج رفیق الرحمن نے اس واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے خبر رساں ادارہ آئی اے این ایس کو بتایا کہ کووڈ-19 انفیکشن میں مبتلا 21 سالہ ایک مریض نے جمعہ کی شام پٹنہ ایمس کی تیسری منزل سے کود کر جان دے دی۔
اس واقعہ کی خبر ملتے ہی تھانہ کی پولس ایمس پہنچی اور لاش کو اپنے قبضے میں لے کر تفتیش شروع کر دی۔ اسپتال ذرائع کے مطابق کچھ دنوں پہلے ہی بہٹا کے رہنے والے مہلوک کی کورونا جانچ رپورٹ پازیٹو آئی تھی اور اس کے بعد اسے ایمس میں داخل کیا گیا تھا۔ تھانہ انچارج نے اس معاملے کو پہلی نظر میں خودکشی ٹھہراتے ہوئے کہا کہ جانچ کے بعد ہی پوری بات سامنے آ پائے گی۔ مہلوک کے اہل خانہ کو واقعہ کی اطلاع دے دی گئی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 25 Jul 2020, 9:11 AM