یوگا ڈے کی سرکاری تقریب میں نتیش کی عدم شرکت سے سیاسی پارا چڑھا
بی جے پی لیڈر اور بہار کے نائب وزیر اعلیٰ سشیل کمار مودی نے نتیش کمار کی عدم شرکت سے متعلق معاملہ کو ٹھنڈا کرنے کی کوشش کرتے ہوئے کہا کہ کوئی ضروری نہیں کہ لوگ یوگا کی جگہ پر آ کر ہی یوگا کریں۔
آج یعنی 21 جون کو پوری دنیا میں بین الاقوامی یوگا ڈے منایا جا رہا ہے۔ ہندوستان کی مختلف ریاستوں میں بھی اس تعلق سے تقاریب کا انعقاد ہو رہا ہے اور بہار کی راجدھانی پٹنہ میں بھی اس سلسلے میں ایک سرکاری تقریب کا انعقاد عمل میں آیا۔ یہ تقریب پٹنہ کے پاٹلی پترا اسپورٹس گراونڈ میں منعقد ہوئی جس میں سینکڑوں سیاسی و سماجی ہستیوں نے شرکت کی۔ تقریب میں بی جے پی کے سینئر لیڈران بھی کافی تعداد میں شامل ہوئے لیکن حیرانی کی بات یہ تھی کہ حکومت بہار کی جانب سے منعقد اس تقریب سے جنتا دل یو کے لیڈروں نے دوری اختیار کی، حتیٰ کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے بھی اس میں شرکت کو ضروری نہیں سمجھا۔
اس بین الاقوامی یوگا ڈے تقریب میں نتیش کمار کی عدم شرکت سے بہار کا سیاسی پارہ ایک بار پھر چڑھ گیا ہے اور سیاسی حلقوں میں بی جے پی-جنتا دل یو کے درمیان جاری رسہ کشی پر بحث تیز ہو گئی ہے۔ نتیش کمار کے ساتھ ساتھ اس تقریب میں جنتا دل یو سے تعلق رکھنے والے وزراء اور لیڈران بھی شامل نہیں ہوئے جس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ نتیش کمار کے گروپ نے قصداً اس تقریب سے دوری بنا رکھی تھی۔ حالانکہ اس تقریب کا انعقاد بہار حکومت کے آرٹ اینڈ کلچر ڈپارٹمنٹ کی طرف سے کیا گیا تھا اور اس کے وزیر کرشن کمار رِشی نے کہا تھا کہ یوگا تقریب میں شامل ہونے کے لیے سبھی لوگوں کو دعوت نامہ بھیجا گیا ہے، پھر بھی جنتا دل یو لیڈروں کی اس سے دوری بہت کچھ اشارہ کر رہی ہے۔
پروگرام میں نتیش کمار کی عدم شرکت کے بعد سیاسی حلقوں میں پیدا بھونچال کو ختم کرنے کے لیے ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ اور بی جے پی کے سینئر لیڈر سشیل کمار مودی نے میڈیا سے کہا کہ "کوئی ضروری نہیں کہ لوگ یوگا کی جگہ پر جا کر ہی یوگا کریں۔ آج 190 ممالک میں لوگ یوگا کر رہے ہیں اور نتیش کمار بھی گھر میں یوگا کرتے ہیں۔ اس لیے یوگا کی تقریب میں ان کی عدم شرکت کو سیاسی چشمہ سے نہیں دیکھ جانا چاہیے۔" جنتا دل یو کے ترجمان نیرج کمار نے بھی نتیش کمار کے ذریعہ اس تقریب میں شرکت نہ کرنے کا کوئی غلط مطلب نہ نکالے جانے کی بات کہی اور کہا کہ "ہم یوگا کے حامی ہیں مخالف نہیں، اور یہ لازمی نہیں کہ تقریب میں شامل ہو کر ہی یوگا کیا جائے۔"
سیاسی حلقوں میں اس طرح کی باتیں بھی کی جا رہی ہیں کہ نتیش کمار نے اس تقریب میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ اس لیے کیا تاکہ ایک خاص مذہب سے تعلق رکھنے والے لوگ ان سے ناراض نہ ہو جائیں۔ کچھ لوگوں کا تو یہ بھی ماننا ہے کہ جنتا دل یو کے ساتھ ساتھ آر جے ڈی نے بھی بین الاقوامی یوگا ڈے سے خود کو دور رکھا تاکہ اس خاص طبقہ کے درمیان اپنی اچھی شبیہ بنائی جا سکے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔